رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹ میں بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی سخت چیکنگ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے‘عبداﷲ سنبل

تمام اضلاع پچھلے سال کی نسبت زیادہ رمضان بازار لگا رہے ہیں جبکہ صرف لاہور میں 305 مدنی دسترخوان سجائے جائیں گے

پیر 15 جون 2015 19:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) کمشنر لاہور عبداﷲ خان سنبل نے تمام ڈی سی اوز کو ہدایت کی ہے کہ رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ عام مارکیٹ میں بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی سخت چیکنگ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے- انہوں نے واضح کیا کہ رمضان بازاروں میں سیکورٹی، صفائی اور تمام اشیائے خوردونوش کی وافر و بروقت دستیابی حکومتی ہدایات کے مطابق یقینی بنائی جائے- انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع پچھلے سال کی نسبت زیادہ رمضان بازار لگا رہے ہیں جبکہ صرف لاہور میں 305 مدنی دسترخوان سجائے جائیں گے- کمشنر لاہور ڈویژن کو آگاہ کیا گیا کہ رمضان بازاروں کے حوالے سے کنٹرول رومز کے قیام کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جارہے ہیں- کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ شکایات سیل فعال ہونا چاہیے اور ڈی سی اوز اپنی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں اور مانیٹرنگ ٹیموں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کریں-کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار رمضان بازاروں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا- اجلاس میں ڈی سی او شیخوپورہ کرن خورشید، ڈی سی او ننکانہ ڈاکٹر عثمان، ڈی سی او قصور عدنان ارشد، ایڈیشنل کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر، اسسٹنٹ کمشنر جنرل عاصمہ غضنفر و دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :