خیبر پختونخوا کا مالی سال 2015-16ء کا 487ارب روپے سے زائدحجم کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش

اخراجات کا تخمینہ 487ارب 88کروڑ 40لاکھ روپے ، تعلیم کے شعبے کے لئے 97ارب 54کروڑ روپے مختص ، گندم پر سبسڈی کیلئے 2ارب 90کروڑ ، پنشن کیلئے 36ارب 99کروڑ 30لاکھ 25ہزار روپے مختص

پیر 15 جون 2015 19:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) خیبر پختونخوا کا مالی سال 2015-16ء کا 487ارب روپے سے زائدحجم کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کردیا گیا ۔ جو رواں مالی سال کے مقابلے میں 21فیصد زیادہ ہے ۔ بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام سمیت اخراجات کا تخمینہ 487ارب 88کروڑ 40لاکھ روپے لگایا ہے ۔ اگلے مالی سال بجٹ میں تعلیم کیلئے بجٹ میں 21فیصد اضافہ کرتے ہوئے 97ارب 54کروڑ 22لاکھ 13ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پیر کو آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ نے کہاکہ صحت کیلئے بجٹ میں 29ارب 95کروڑ 34لاکھ 40ہزار روپے رکھے گئے ہیں جو سال رواں کے مقابلے میں 19فیصد زیادہ ہے پولیس کے لیے 32ارب 74کروڑ 52لاکھ 44ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں جو سال رواں کے مقابلے میں 15فیصد زیادہ ہے ۔

(جاری ہے)

زراعت کیلئے 3ارب 51کروڑ 98لاکھ 69ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں جو رواں مالی کے مقابلے میں 12فیصد زیادہ ہے ۔

مواصلات اور تعمیرات کیلئے 2ار ب 76کروڑ 36لاکھ 43ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں جوکہ 17فیصد رواں مالی سال سے زیادہ ہے۔ قرضوں پر سود کی ادائیگی کیلئے 7ارب 2کروڑ 10لاکھ 90ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں جوکہ مالی سال کے مقابلے میں 1.3فیصد کم ہے۔ گندم پر سبسڈی کیلئے 2ارب 90کروڑ مختص کیے گئے ہیں جو رواں مالی سال کی نسبت 7فیصد زیادہ ہے۔ پنشن کیلئے 36ارب 99کروڑ 30لاکھ 25ہزار روپے مختص کیے گئے جو رواں مالی سال کی نسبت 20فیصد زیادہ ہے۔

ماحولیات اور جنگلات کیلئے 1ارب 83کروڑ 78لاکھ 35ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں جوکہ رواں مالی سال کی نسبت 11فیصد زیادہ ہے۔ فنی تعلیم اور افراد ی تربیت کیلئے 1ارب 75کروڑ 48لاکھ 80ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں جوکہ رواں مالی سال کی نسبت 12فیصد زیادہے۔ آپباشی کیلئے بجٹ میں رواں مالی سال کے مقابلے میں 13فیصد اضافہ کرتے ہوئے 3ارب 60کروڑ 91لاکھ95ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ سماجی بہبود وخصوصی تعلیم وترقی خواتین کیلئے 1ارب 37کروڑ 21لاکھ 19ہزار روپے رکھے گئے ہیں جو رواں مالی سال کی نسبت 23فیصد زیادہ ہے ۔