ضرب عضب کی کامیابی کے تمام کریڈٹ کی مستحق ہماری

مسلح افواج ہیں: چودھری شجاعت حسین/ پرویزالٰہی قوم کیلئے جان جیسی عظیم قربانی پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین راستہ اس عظیم مقصد کی تکمیل ہے آپریشن جنرل راحیل شریف کے پختہ عزم اور یقین محکم کا مظہر ہے، شمالی وزیرستان کے عوام کی قربانیاں فراموش نہیں کر سکتے: مشترکہ بیان

پیر 15 جون 2015 18:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے تمام کریڈٹ کی مستحق ہماری مسلح افواج ہیں، پاک فوج کے جوانوں اور افسروں نے اپنی قیمتی جانوں تک کی عظیم قربانی پیش کر کے مادرِوطن کو اندرونی شورش سے محفوظ رکھنے کیلئے ایسی مثال قائم کی ہے جس پر پاکستانی قوم تااَبد اُن کی ممنون و محسون رہے گی اور ان پر فخر کرے گی۔

ضرب عضب کے ایک سال کی کامیاب تکمیل پر دونوں مسلم لیگی قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ مادرِوطن کے ان سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انہوں نے جس عظیم مقصد کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے لوگ اس عظیم مقصد کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج جہاں ہم پاک فوج کے شہداء، زخمیوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں وہاں پوری قوم شمالی وزیرستان کے عوام کی قربانیوں پر ان کی بھی مشکور ہے اور انہیں فراموش نہیں کر سکتی جنہوں نے بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت اپنے گھر بار چھوڑنے اور آپریشن کی کامیابی کیلئے پاک فوج سے مکمل تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ اس آپریشن کا آغاز اور کامیابی آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے پاکستان کی سلامتی و یکجہتی کے تحفظ اور ہماری آئندہ نسلوں کو بھی داخلی و خارجی دشمنوں سے محفوظ رکھنے کے عزمِ مصمم اور یقین محکم کی عکاس ہے جس پر ان کا نام پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، آج ہماری آنکھیں آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم طلبا اور دیگر شہداء کی یاد میں بھی نمناک ہیں جن کا خونِ ناحق صرف اس لیے بہایا گیا کہ وہ محب وطن پاکستانی تھے۔`