برمی مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں،مسلمانوں کودن دیہاڑے زندہ جلایاجارہاہے، وسیم اختر

افسوس کا مقام ہے اقوام متحدہ اور عالمی برادری ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے،امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 15 جون 2015 18:55

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے روہنگیاکے مسلمانوں کی حالت زار پرتشویش کاظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ برما کے مسلمانوں پر بدھ مت پیروکاروں کی جانب سے مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔مسلمانوں کودن دیہاڑے زندہ جلایاجارہاہے،مسلم خواتین کی بے حرمتی کے ساتھ ان کے گلے کاٹ کرپٹرول چھڑک کرآگ لگائی جارہی ہے۔

برمی حکومت کی شہ پربدھ مت کے پیروکار سفاکیت اور درندگی کی انتہاتک پہنچ چکے ہیں۔مسلمانوں پر دردناک مظالم کرنے اور ا ن کوٹرپتادیکھ کر بدھ مت جشن منانے اور انسانیت کی تذلیل کرنے کی بدترین مثالیں قائم کرہے ہیں۔معصوم بچوں کوبھوکا پیاسارکھ کر ان کو جسمانی ایذائیں پہنچائی جارہی ہیں مگر افسوس کا مقام ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور یواین اوکی انسانی حقوق کمیشن کی اپنی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 50برسوں کے دورا ن روہنگیا میں دولاکھ مسلمان شہید ہوچکے ہیں۔آج بھی 25ہزار سے زائد روہنگیامسلمان ایسے ہیں جوبے کس وبے آسراکھلے سمندر میں کشتیوں میں سوارہوکر مختلف ممالک اور بالخصوص مسلم ممالک کی سرحدوں کے قریب پناہ کے منتظر ہیں۔شرمناک امریہ ہے کہ ہندوایکٹر مرنے پر دودن سوگ منانے والا پاکستانی الیکٹرانک میڈیابرماکے بے یارومددگار مسلمان بہن بہائیوں کی حالت زارپرچپ سادھے بیٹھاہے۔

جماعت اسلامی پنجاب کے امیر نے مزیدکہاکہ حکومت عالمی دنیاکے سامنے اس اہم معاملے کو فوری طور پراٹھائے اور اعلان کردہ امداد کومتاثرین تک پہنچانے کابھی جلدبندوبست کرے۔کس قدر دکھ کی بات ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے برماکے مسلمان ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں مگر ان کاکوئی پرسان حال نہیں اور ایک ارب سے زائد مسلمان اور مسلم ریاستیں خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں۔

ایک طرف روہنگیاکے مسلمانوں کی نسل کشی ہورہی ہے تودوسری جانب امن کانوبل انعام حاصل کرنے والی بدھ لیڈر”آنگ سان سوچی“کی زبان گنگ ہوچکی ہے۔اس سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ جوجس قدر مسلمانوں کاقتل عام کرے گا وہی امن کے نوبل انعام کاحق دار ٹھہرے گا۔دنیامیں قیام امن کیلئے مغربی ممالک،یواین اواور امریکہ کومسلمانوں کے حوالے سے اپنادوہرامعیاربدلنا ہوگا۔ `