تحصیل دشت بلنگور میں واپڈاگریڈ اسٹیشن کی تعمیر کیلئے فیزیبلٹی رپورٹ کی منظوری دی گئی ہے،میر اکبر آسکانی

منصوبے پر 70کروڑ روپے لاگت آئیگی، وفاقی حکومت کے تعاون سے عملدرآمد کیا جائیگا،کے مشیر برائے ماہی گیری وزیر اعلیٰ بلوچستان

پیر 15 جون 2015 18:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ماہی گیری وپاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما حاجی میر اکبر آسکانی نے کہا ہے کہ حلقہ انتخاب کے تحصیل دشت بلنگور میں واپڈاگریڈ اسٹیشن تعمیر کرنے کیلئے فیزیبلٹی رپورٹ بنانے کی منظوری دی گئی ہے گریڈ اسٹیشن کی تعمیر پر 70کروڑ روپے لاگت آئیگی وفاقی حکومت کے تعاون سے اس منصوبے پر عملدرآمد کیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں دشت بلنگور اور گوادر ،پشکان سے آئے ہوئے وفودسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ،حاجی میر اکبر آسکانی نے کہا کہ انھوں نے اسلام آباد دورے میں وفاقی وزیر دفاع وپانی وبجلی خواجہ آصف سے ملاقات کے دوران حلقہ انتخاب کی پسماندگی دور کرنے کیلئے دشت کوبجلی فراہمی کے منصوبے کے تحت گریڈاسٹیشن قائم کرنے کی منظوری حاصل کی ہے جوموجودہ جمہوری حکومت کا مکران ڈویژن کے عوام کیلئے تحفہ ہے ، اس وقت تحصیل دشت کے 23گاؤں میں بجلی فراہمی کے منصوبوں پر کام جاری ہے اس منصوبے کی افادیت اور علاقے کے عوام کے مطالبے پر دیگر دیہاتوں میں بجلی فراہمی کے منصوبے کے تحت مزید 5کروڑ روپے فنڈز فراہم کیا جائیگا دشت کے ہر گاؤں ہر کوچے میں بجلی فراہم کرکے علاقے کے لوگوں کو دستی پنکھوں اور لالٹین کے دور سے نجات دلائیں گے ،انھوں نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے موجودہ دور شعور وآگہی کا ہے لوگ نام نہاد قوم پرستوں کے کردار سے بھی واقف ہیں وہ جانتے ہیں کہ قومی دھارے میں شامل ہوکر ہی وہ ترقی وخوشحالی کی منزل حاصل کرسکتے ہیں مکران ڈویژن کے عوام نے گیارہ مئی کے الیکشن میں مسلم لیگ کو ووٹ تبدیلی کیلئے دیا عوام کنبہ پرستوں کی سیاست اور قوم پرستی کے نام پر نعرہ لگانے والے سیاسی سوداگروں کو پہچان چکے ہیں ، مکران کے لوگ امن اور ترقی چاہتے ہیں انکی امیدیں اور توقعات مسلم لیگ کی قیادت سے وابستہ ہیں ،ضلع گوادر کے نمائندہ وفدکی قیادت کرتے ہوئے کہدہ یونس ،بیگ محمد آسکانی ،محمد ہاشم اور محمد بزنجو نے ساحلی بستی پشکان میں آبنوشی اسکیم کے تحت بور کی منظوری پر حاجی میر اکبر آسکانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گوادر کے عوام بھی مسلم لیگ کی مرکزی قیادت وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے پالیسیوں کی بھرپور تائید وحمایت کرتے ہیں گوادر کاشغر روٹ کے توسیعی منصوبے سے بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی دورہوجائیگی حاجی میراکبرآسکانی نے کہا کہ گوادر کی ترقی کیلئے مسلم لیگ ن کی مرکزی اور صوبائی صوبائی قیادت میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے سنئیر صوبائی وزیرچیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ زہری کی قیادت میں مسلم لیگ کے وزراء بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں ،ناراض بلوچوں کی قومی دھارے میں واپسی کیلئے مسلم لیگی قائدین کی کوششیں اس امر کا بین ثبوت ہیں کہ بلوچستانکے حالات میں بہتری کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں ،علاوہ ازیں مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے سابق صوبائی جنرل سیکرٹری حیدر اچکزئی ،اباسین خروٹی کی قیادت میں بھی مسلم لیگی کارکنوں کے نمائندہ وفد نے بھی صوبائی مشیر ماہیگیر ی حاجی میر اکبر آسکانی سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور پارٹی ایشوز کے حوالے سے ان سے تبادلہ خیال کیا۔

`

متعلقہ عنوان :