سندھ کا نئے مالی سال کا بجٹ عوام اور غریب دشمن ہے ،کئی اضلاع کو نظرانداز کیا گیا ہے،نندکمار

پیر 15 جون 2015 18:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) سندھ اسمبلی میں مسلم لیگ (فنکشنل) کے پارلیمانی لیڈر نند کمار نے کہا ہے کہ سندھ کا نئے مالی سال کا بجٹ عوام اور غریب دشمن ہے ۔ اس بجٹ میں کئی اضلاع کو نظرانداز کیا گیا ہے ۔ بجٹ سیشن میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔ وہ منگل کو سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے عوامی مسائل کے حل کے لیے دعوے صرف زبانی ہیں ۔

عملی طور پر تمام اضلاع کا برا حال ہے ۔ ہر شخص پریشان ہے ۔ نہ پینے کاپانی ہے اور نہ ہی صحت اور تعلیم کی سہولیات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کی بی ٹیم ہے اور دونوں جماعتیں مل کر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں ۔ بجٹ پر ایم کیو ایم کا احتجاج صرف دکھاوا ہے ۔

(جاری ہے)

دونوں جماعتیں مل کر بجٹ اسمبلی سے منظور کرانا چاہتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مذاکرات کی دعوت دی ہے لیکن مذاکرات کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ فنکشنل لیگ ، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے ساتھ مل کر کرے گی اور اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس منگل کو سندھ اسمبلی میں ہو گا ، جس میں مشترکہ حکمت عملی طے کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہوش کے ناخن لے اور صوبے کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔ فنکشنل لیگ عوام کے ساتھ ہے اور ہم عوام کے مسائل اسمبلی سمیت ہر سطح پر اٹھائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :