ایم کیو ایم الیکشن سیل کے انچارج عمیر صدیقی 10 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ملزم نے دوران تفتیش 67افراد کے قتل ،84دیگر وارداتوں کا اعتراف کیا،مزید تفتیش کیلئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے، پولیس کا موقف

پیر 15 جون 2015 18:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)الیکشن سیل کے انچارج عمیر صدیقی کو 10 روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔عمیر صدیقی کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں پیرکو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے دوران تفتیش 67 افراد کے قتل جبکہ 84 دیگر وارداتوں کا اعتراف کیا ہے لہٰذا مزید تفتیش کے لئے ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔واضح رہے کہ رینجرز نے عمیر صدیقی کو 13 مارچ کو نائن زیروکے اطراف سے حراست میں لیا تھا جس کے بعد ملزم کو 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دے دیا گیا تھا۔