Live Updates

تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کا وعدہ پوراکر دیا،وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی عارف یوسف

پیر 15 جون 2015 18:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے قانون،پارلیمانی امور اور انسانی حقوق عارف یوسف نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کا وعدہ پوراکر دیا جبکہ کرپشن سے پاک شفاف نظام کے ذریعے عوامی مسائل حل کرنے سے متعلق پالیسیوں کی بدولت پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں روزبروزاضافہ ہو رہا ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ آزاد منتخب نمائندے بھی جوق در جوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

وہ پشاور میں منعقدہ ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں یونین کونسل31نوتھیہ قدیم سے آزاد منتخب ممبرٹاؤن تھری فیض اﷲ بخش ایڈوکیٹ نے بڑی تعداد میں اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور عمران خان کے ویژن اور پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی منشور کی عمر بھر پاسداری کرنے کے عزم کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے ٹاؤن ممبرفیض اﷲ بخش ایڈوکیٹ اور دیگر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عارف یوسف نے امید ظاہر کی کہ نئے ساتھیوں کی پارٹی میں شمولیت سے بہتر اندازمیں لوگوں کی خدمت اور عوامی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی جبکہ عوامی ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں کرپشن سے پاک،شفاف طریقہ کارکو یقینی بنایاجائے گا تاکہ عوام حقیقی طور پر مثبت تبدیلی کے ثمرات سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات