اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظا لم کا نوٹس لے اور انہیں بند کروائے،آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی ممبرمہرالنساء

پیر 15 جون 2015 16:56

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی ممبر وسابق ڈپٹی سپیکر محترمہ مہرالنساء نے مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی ٹارگٹ کلینگ اور زیر حراست رہنماؤں وسیاسی کارکنوں کی شہادتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی قابض افواج اور اس کے ایجنٹوں کی ان مذموم سازشوں کا نوٹس لیتے ہوئے حریت رہنماؤں گرفتار سیاسی کارکنوں اور رہا ہونے والے بیگناہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلینگ بند کروائے۔

(جاری ہے)

محترمہ مہرالنساء نے کہا کہ بھارت تحریک حریت کو دبانے اور کشمیریوں کا پیدائشی حق تسلیم کرنے کے بجائے ظلم وبربریت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔معصوم نہتے بیگناہ افراد کو گرفتار کر کے مجاہد قرار دیتے ہوئے شہید کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجاہدین سے مار کھانے کے بعد انڈین آرمی نہتے عوام پر اپنا غصہ اتار رہی ہے۔لوگوں کے گھر جلائے جا رہے ہیں اور خانہ تلاشیوں کے بہانے گھروں کی توڑ پھوڑ اور قیمتی سامان چرایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ تین حریت رہنماؤں کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں شہادت ہمارے حوصلے پشت نہیں کر سکتی۔اور ہماری جدوجہد قابض بھارتی افواج کے انحلاء تک جاری رہیگی۔