بلجیم ‘موبائل فون پر میسج کرنے والوں کیلئے ٹیکسٹ والکنگ لینز کے نام سے مخصوص رہداریاں بنادی گئیں

پیر 15 جون 2015 16:46

اینٹورپ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء)بلجیم کے شہر اینٹورپ کے وسط میں موبائل فون پر میسج کرنے والوں کیلئے ٹیکسٹ والکنگ لینز کے نام سے مخصوص رہداریاں بنادی گئی ہیں تاکہ وہ دیگر پیدل چلنے والے افراد سے ٹکرانے سے بچ سکیں۔‘ منصوبے کے پیچھے شہر میں واقع سمارٹ فونوں کی ایک دکان ہے اور کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کا اصل مقصد اپنی تشہیر ہے ‘میسج کرتے ہوئے لوگوں سے ٹکرانے کی وجہ سے بڑی تعداد میں موبائیل فون ٹوٹتے ہیں۔

واضح رہے کہ اب دنیا میں موبائل فونوں کی تعداد انسانوں سے زیادہ ہے۔موبائل فون کمپنیوں کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق دنیا میں کل موبائل فونوں کی تعداد سات اعشاریہ پانچ ارب ہے ‘ امریکی محکمہ مردم شماری کے مطابق اس وقت دنیا کی آبادی تقریباً سات اعشاریہ دو ارب ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق شہر میں واقع ایک سمارٹ فونوں کی ملیب نامی لیبارٹری کے ترجمان نے بتایا کہ شائد آپ بھی اپنے فون پر اپنے عزیز واقارب کو میسج کرتے ہوئے سڑک پر ہر چیز سے بے خبر ہو کر چلتے ہوں اور آپ کی تمام تر توجہ صرف فون کی سکرین ہو۔

یہ دوسرے پیدل چلنے والوں سے ٹکرانے کی وجہ بنتا ہے اور جب آپ بغیر دیکھے سڑک پار کرتے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ بے خبری میں آپ اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال رہے ہوں۔ملیب کے مطابق وہ فونوں کی مرمت کے علاوہ جدید گیجٹس بھی بیچتے ہیں اور فون صارفین کو ماہر مشورے بھی دیتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ رہداریاں فی الحال عارضی طور پر بنائی گئی ہیں لیکن ممکن ہے کہ انھیں مستقل کر دیا جائے۔