گلبرگ ٹاؤن کے زیرا ہتمام بین الاقوامی انسداد ڈینگی ڈے کے حوالے سے آگاہی واک کا اہتمام

پیر 15 جون 2015 16:38

لاہور ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) بین الاقوامی انسداد ڈینگی ڈے کے حوالے سے گلبرگ ٹاؤن کے زیرا ہتمام لبرٹی گول چکر سے حفیظ سینٹر تک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا-ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی گلبرگ ٹاؤن محسن لطیف اورسیکرٹری پاپولیشن ویلفیئرالطاف ایزد خان نے واک کی قیادت کی- واک میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی- لبرٹی گول چکر سے شروع کی جانے والی واک کے دوران کار سواروں ،موٹر سائیکل و سائیکل سواروں اور راہگیروں میں ڈینگی کے انسداد بارے احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹس اور بروشرز تقسیم کئے گئے-واک کے راستے میں آنے والی دکانوں کے مالکان کو ڈینگی بارے آگہی فراہم کرتے ہوئے انہیں اپنے اردگرد کے ماحول،اپنے گھروں اور دکانوں کو صاف ستھرا رکھنے بارے زبانی طور پر بتایا گیا -بعدازاں ٹاؤن میونسپل اتھارٹی کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا -سیمینار میں موجود زندگی کے تمام شعبوں سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی-مقررین نے اپنی تقاریر کے دوران حکومت کی طرف سے ڈینگی کے انسداد بارے کی جانے والی کاوشوں پر روشنی ڈالی اور لوگوں کو بتایا کہ اس ضمن میں حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے مگر بطور شہری ہم سب کو بھی اپنے فرائض کا ادراک کرتے ہوئے اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہئیں کیونکہ ڈینگی انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی مسئلہ ہے جسے ہم سب کو مل جل کر ہی حل کرنا ہے -