ضلعی نظام حکومت ختم ‘ یکم جولائی سے میونسپلٹی کمشنری نظام بحال کرنے کا اصولی فیصلہ

پیر 15 جون 2015 16:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) ضلعی نظام حکومت ختم کرنے اور یکم جولائی سے میونسپلٹی کمشنری نظام بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہوسکتا ہے ۔ یکم جولائی سے میونسپلٹی کمشنری نظام بحال ہونے سے ٹاؤنز ، تحصیل اور یونین کونسلز کو تحلیل کر دیا جائے گاجبکہ پنجاب میں ضلعی نظام کو ختم کرکے سابق کونسلرز ، ڈپٹی میئرز اور میئرز کا نظام بحال کیا جارہا ہے جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق میونسپل کمیٹیوں،ضلع کونسلوں میں چیئرمین اور چیف کارپوریشن آفیسر تعینات ہونگے جو بلدیاتی انتخاب تک کام کرینگے جبکہ الیکشن کے بعد میئرز،ڈپٹی میئرز،کونسلرز،چیئرمین،وائس چیئرمین چارج سنبھالیں گے ۔پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں ہونگے پہلے مرحلہ میں پنجاب کے 18 اضلاع جبکہ دوسرے مرحلہ میں بھی 18 اضلاع میں انتخابات کروائے جائینگے تیسرے مرحلہ میں چیئرمین ‘ وائس چیئرمین‘ میئرز اور ڈپٹی میئرز کے انتخابات کا مرحلہ مکمل کیا جائیگا۔