سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ راولپنڈی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں قابو پانے میں ناکام

پیر 15 جون 2015 16:17

راو لپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے تاہم سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ راولپنڈی قیمتوں اور مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام نے راولپنڈی میں صرف 5 رمضان سستے بازار قائم کر کے عوام کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے جو شہر اور کینٹ ایریاز میں رہائش پزیر ہیں لوگوں کے لئے کافی نہیں ہیں ۔

پرائس مجسٹریٹس ، اسسٹنٹ کمشنرز اور ٹاؤن میونسپل آفیسرز کی غیر موجودگی نے ناجائز منافع خوروں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جس سے عوام دونوں ہاتھوں سے لٹ رہے ہیں گزشتہ سال راولپنڈی سٹی میں 13 رمضان سستے بازار تھے تاہم اس دفعہ یہ تعداد 5 ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

مارکیت سروے میں ٹماٹر ، آلو ، پیاز ، ٹینڈا ، بھنڈی ، خوبانی ، خربوزہ ، تربوز اور آم سمیت کئی اشیا کے نرخ بھی معلوم کئے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ کھجھوریں 150 سے 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہیں ۔

اس طرح دودھ اور دھی کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے حکام مہنگائی کنٹرول کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہے انہوں نے کہا کہ صرف 5 سے 10 فیصد لوگ رمضان سستا بازار میں خریداری کریں گے جبکہ زیادہ تر لوگ ریٹیل شاپس میں خریداری کرتے ہیں ۔ دریں اثناء راول ٹاؤن کے ایڈمنسٹریٹر عمران قریشی کا کہنا ہے کہ ہم نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو رمضان المبارک میں بازاروں کا دورہ کریں گی اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایف آئی آر درج ہو گی ۔