Live Updates

حکومت کا رمضان المبارک میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر فروخت ہونے والی روز مرہ استعمال کی 18 ضروری اشیاء پر ڈیڑھ ارب روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ

پیر 15 جون 2015 15:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) حکومت نے ماہ رمضان المبارک کے دوران ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر فروخت ہونے والی روز مرہ استعمال کی 18 ضروری اشیاء پر ڈیڑھ ارب روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اس سبسڈی کو رمضان ریلیف پیکج 2015ء ‘ کا نام دیا ہے جس پر پہلی رمضان المبارک یا 17 اور 18 جون سے عمل درآمد شروع ہوگا۔

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے حکام نے بتایا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ رمضان ریلیف پیکج 2015ء چاند رات تک جاری رہے گا۔حکام کے مطابق پیکج پرعمل درآمد کیلئے تیاری آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے جو ملک بھر کے تمام چھ ہزار یوٹیلٹی اسٹورز پر فروخت ہونے والی 18 اشیاء پرسبسڈی کی صورت میں دی جائیگی۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران یوٹیلٹی اسٹورز پر فروخت ہونے والی چینی پر فی کلو پانچ روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رمضان ریلیف پیکچ کے تحت گھی، تیل پر فی کلو آٹھ روپے، دال چنا، دال مونگ، دال مسور، سفید چنا، بیسن اور کھجور پر دس روپے فی کلو سبسڈی دی جائیگی۔اسی طرح باستمی چاول، سہلا چاول اور ٹوٹا چاول پر فی کلو پانچ روپے سبسڈی جبکہ بلیک چائے پر فی کلو پچاس روپے اور مشروبات کے 1500 ملی لیٹر پر دس روپے سبسڈی دی جارہی ہے۔پیکچ کے تحت فی لیٹر دودھ پر دس روپے اور مصالحہ جات پر دس فیصد سبسڈی دی جائیگی۔حکام کے مطابق رمضان ریلیف پیکچ کے تحت سیل کا ہدف بیس ارب روپے مقرر کیا گیا ہے تاہم مجموعی سیل 15 سے 18 ارب روپے ہوسکتی ہے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :