آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی

پیر 15 جون 2015 15:51

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی‘ بنگلہ دیش اور انڈیا کے مابین ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کی وجہ سے بھارت تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلا گیا‘ جنوبی افریقہ بدستور پہلے‘ آسٹریلیا دوسرے‘ نیوزی لینڈ تیسرے اور پاکستان چھٹے نمبر پر براجمان ہے‘ ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے اسٹیو سمتھ بیٹسمینوں کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے‘پاکستان کے یونس خان چھٹے‘ مصباح الحق نویں اور اظہر علی تیرھویں نمبر پر ہیں‘ باؤلرز میں پاکستان اور بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں جگہ نہ بنا سکا۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے مابین ٹیسٹ سیریز کے بعد آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق جنوبی افریقہ 130پوائنٹس کے ساتھ پہلے‘ آسٹریلیا 111پوائنٹس کے ساتھ دوسرے‘ نیوزی لینڈ 99پوائنٹس کے ساتھ تیسرے‘ انڈیا 97پوائنٹس کے ساتھ چوتھے‘ انگلینڈ اور پاکستان بھی 97پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ سری لنکا ساتویں‘ ویسٹ انڈیز آٹھویں‘ بنگلہ دیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیٹسمینوں کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے اسٹیو سمتھ پہلے ‘ سری لنکا کے کمارا سنگھے کارا دوسرے اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز تیسرے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ پاکستان کے مایہ ناز بلے باز یونس خان چھٹے‘ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نویں ‘ ون ڈے ٹیم کے قائد اظہر علی تیرھویں ‘ اسد شفیق 19ویں‘ سرفراز احمد اکیسویں نمبر پر براجمان ہیں۔

نئی باؤلرز رینکنگ میں پاکستان اور بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں جگہ نہ بنا سکا جبکہ جنوبی افریقہ کے سٹین پہلے‘ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دوسرے اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے مایہ ناز آف سپینر سعید اجمل گیارھویں‘ جنید خان پندرھویں‘ عبدالرحمن 17ویں اور لیگ سپنر یاسر شاہ بیسویں نمبر پر براجمان ہیں۔