تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں قانون کی حکمرانی ،انصاف کی بالاد ستی ،خوداحتسابی نظام کے ذریعے گڈگورننس کو فروغ دیا جا رہا ہے،چوہدری محمد اشرف

پیر 15 جون 2015 15:50

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء)وزیراعظم آزادکشمیر کے معاون خصوصی چوہدری محمد اشرف نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالاد ستی اور خوداحتسابی نظام کے ذریعے گڈگورننس کو فروغ دیا جا رہا ہے، آزادکشمیر سے استحصالی کلچر کا خاتمہ، ناانصافیوں کا ازالہ آزادخطہ کے لوگوں کی زندگی کی جدید سہولیات کی فراہمی ہماری حکومت کی ترجیحات ہیں۔

حکومت تعمیر وترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے مشکلات کے باوجود آزادخطہ میں تعمیر وترقی کے راستے میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔ نیو سٹی کے لوگوں کے اضافی کنبہ جات کا مسئلہ حل کر نے کے لیے آزاد حکومت اقدامات کر رہی ہے منگلا ڈیم ریزنگ کے وقت نیو سٹی کے لوگوں کی قربانیوں کا ادراک ہے متاثرین کو ریلیف دینے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے،پڑھے لکھے نوجوان لڑکے لڑکیوں کو نیو سٹی میں ہی نوکریاں دے کے ایڈجسٹ کیا جائے گا،سوئی گیس ،سیوریج اور دیگر مسائل بھی حل ہونگے ۔

(جاری ہے)

آزاد خطہ میں پیپلز پارٹی کی حکومت پارٹی کی مرکزی قیادت کے ویژن اورافکار کو اجاگر کر رہی ہے اور پارٹی منشور کو عملی جامہ پہنا یا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملنے والے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، معاون خصوصی چودھری محمد اشرف نے کہا میرپور کے لوگوں نے اپنے آباؤ اجداد کی قبروں پر منگلا ڈیم تعمیر کروا کر وہ لازوال قربانی دی جسکی دنیا مثال دینے سے قاصر ہے۔

نیو سٹی سمیت میرپور کے تمام سیکٹرز میں سوئی گیس کی فراہمی، سڑکات کی پختگی، پانی کی فراہمی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی بتدریج کمی کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ حکومت آزادکشمیر خطے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلاب کے بعد بے روزگاری کے خاتمے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر منصوبہ بندی کے لیے انتہائی سنجیدگی اور سائنسی خطوط پر غور کر رہی ہے۔چودھری محمد اشرف نے کہا کہ پارٹی کے شریک چےئرمین آصف علی زرداری، محترمہ فریال تالپور کی خصوصی ہدایات کے مطابق آزادخطے میں تعمیر وترقی بلاتخصیص جاری رکھیں گے اور پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے آئندہ 2016کے انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔