پی آئی اے جدہ آفس کے کنٹریکٹ ملازمین کو تاحال مستقل نہیں کیاگیا، حاصل مراعات بھی ختم کر دی گئیں

پیر 15 جون 2015 15:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) قومی ایئرلائن پی آئی اے کو سب سے زیادہ پیسہ کما کر دینے والے اسٹیشن سعودی عرب کے ائرلا ئن آفس میں کنٹریکٹ پر کام کرنیوالے ملازمین کو ائرلائن میں سالوں خدمات انجام دینے کے باوجودتاحال مستقل نہیں کیا گیا ہے بلکہ ان کو حاصل مراعات بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ ائرلائن ذرائع کا کہناہے کہ وہاں جن چند ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے اس میں بھی اقربا پروری کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔

پی آئی اے جدہ آفس میں 25 ملازمین کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں ان کی اہلخانہ سمیت میڈیکل کی سہولیات دو سال سے بند ہیں جبکہ سعودی قانون کے تحت میڈیکل کی سہولت فراہم نہ کرنے والے اداروں کو ایک لاکھ ریال جرمانہ اور کمپنی کو چھ ماہ کیلئے بند بھی کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے جدہ آفس میں بعض افسران وزٹ ویزہ پر کام سرانجام دے رہے ہیں جو غیر قانونی ہے ۔

ائرلائن کے جدہ آفس میں بعض کنٹریکٹ ملازمین 20 سال سے ایک ہی تنخواہ ایک ہی کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ میں حکومت پاکستان کے ملازمین کو رعایت دی جاتی تھی ائرلائن ملازمین کیلئے وہ بھی ختم کر دی گئی ہے پی آئی اے کے دنیا بھر کے دفاتر میں کنٹریکٹ پر کام کرنیوالے ملازمین کو دو سال قبل مستقل کیا جا چکا ہے تاہم سعودی عرب میں پی آئی اے اسٹاف اب بھی اپنے مستقل ہونے کے انتظار میں ہے ۔ذرائع کے مطابق ائرلائن انتظامیہ ان ملازمین کو مستقل کرنے کے حق میں ہیں تاہم جدہ آفس میں براجمان بعض افسران اس کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

متعلقہ عنوان :