اسرائیلی جیل میں قید کم عمراردنی کے والد نے بھوک ہڑتال شروع کردی

پیر 15 جون 2015 14:43

عمان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) اسرائیلی جیلوں میں قید کم عمراردنی لڑکے محمد مہدی کے والد نے اردنی حکومت کی جانب سے بیٹے کی رہائی کے معاملے میں غفلت کا مظاہرہ کرنے پر بطوراحتجاج عمان میں وزارت خارجہ کے باہر بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔بھوک ہڑتال کرنیوالے اردنی شہری سلمان مہدی کا کہناہے کہ انہوں نے عمان حکومت سے باربار مطالبہ کیا کہ وہ میرے بیٹے کو اسرائیلی جیلوں سے رہائی دلانے کیلئے اقدامات کرے مگرحکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی، اس لئے میں نے تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اردنی حکومت کا اسرائیل کیساتھ ساز باز اور سیکیورٹی تعاون بے نقاب ہوگیا ہے۔ حکومت کی پالیسی سے صاف ظاہر ہو ہو رہا ہے کہ وہ تل ابیب کی خوشنودی کیلئے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پر دباؤ ڈالنے اور بیٹے کو صہیونی قید سے چھڑانے کا اس کے پاس اس کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عمان حکومت کو اسرائیلی جیل میں قید اپنے بیٹے پرہونیوالے وحشیانہ تشدد کے ثبوت بھی مہیا کیے لیکن حکومت مسلسل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور میرے لخت جگر کی رہائی کیلئے کچھ نہیں کررہی۔

انہوں نے کہا کہ دو سال سے میں نے بیٹے کو نہیں دیکھا۔ ہماری حکومت بھی اس معاملے میں دانستہ طورپر خاموشی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ اس لئے میں نے نہ صرف کھانا پینا چھوڑ دیا ہے بلکہ بیماری کے باوجود میں دوائی بھی نہیں لوں گا۔

متعلقہ عنوان :