بھارت کی شرائط پر مذاکرات نہیں ہونگے، پانی ، مسئلہ کشمیر پر لازمی بات ہوگی، سرتاج عزیز

پیر 15 جون 2015 14:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت سے اْس کی شرائط پر مذاکرات نہیں ہونگے ، بھارتی قیادت کے بیانات جنگی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں ، معاملہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نوٹس میں لا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جنوبی ایشیائی ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کمیشن کے سربراہوں کی دو روزہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیر اور پانی کے معاملات ایجنڈے میں نہ ہوں تو پاک بھارت مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ، پاکستان مخالف بیانات بھارتی سیاسی قیادت کے جنگی ذہن کی عکاسی کرتے ہیں۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس منگل کو جدہ میں طلب کر لیا گیا ہے جس میں یمن ، سعودی عرب تنازعہ اور برما مسلمانوں کی حالت زار پر بات چیت ہو گی۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کی حکومتوں کو تعلیم اور صحت پر زیادہ رقوم خرچ کرنا ہوں گی۔ ترقی یافتہ ممالک جنوبی ایشیاء کے بہترین ٹیلنٹ کو سکالرشپس کے نام پر اپنے ملکوں میں لے جا رہے ہیں۔