غیر موافق موسمی حالات کے باعث رواں سال گندم کی پیداوار میں 2 لاکھ ٹن کمی ہوئی، ڈائریکٹرآڈاپٹوریسرچ پنجاب

پیر 15 جون 2015 14:32

فیصل آباد ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) رواں سال غیر موافق موسمی حالات کے باعث گزشتہ سال کے مقابلہ میں تقریباً 2لاکھ ٹن گندم کی کم پیداوار حاصل ہوئی ہے اور مقررہ اہداف کے مقابلہ میں رواں سال پنجاب سے گندم کی پیداوارایک کروڑ 95لاکھ41ہز ار4 سو ٹن حاصل ہوئی ہے جو کہ گزشتہ سال کی 1کروڑ 97لاکھ 38ہزار 9سو ٹن کے مقابلہ میں کم ہے۔

ڈائریکٹرآڈاپٹوریسرچ پنجاب مسعود قادروقارنے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں گندم کے پیداواری منصوبہ2015-16ء کی منظوری کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے دوران بتایاکہ پنجاب میں گزشتہ سال گندم کے زیر کاشت رقبہ 1کروڑ 67لاکھ50ہزار ایکڑکے مقابلہ میں سال 2014-15ء میں 1کروڑ 70لاکھ 75ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت ہوئی جبکہ گندم کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ کی بنیادی وجوہات میں حکومت کی طرف سے گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کے اعلان اور کماد کے زیر کاشت رقبہ میں کمی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ضرورت سے زیادہ بارشوں، ژالہ باری اور طوفانی ہواؤں کے باعث اکثر علاقوں میں گندم کی فصل گر نے سے پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ کنگی کی بیماری کے حملہ اور دانہ بنتے وقت ہونے والی بارشوں کے باعث آبپاشی نہ کرنے کی وجہ سے بھی پیداوارمیں کمی نوٹ کی گئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ زرعی ماہرین کی مشاورت سے پیداواری منصوبہ گندم 2015-16ء میں متعدد نئی سفارشات کو شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب حکومت فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ کے تحت کاشتکاروں کو لیزرلینڈلیولر یونٹس کی خریداری پر2لاکھ 25ہزار روپے فی لیز یونٹ مالی معاونت بھی فراہم کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :