لاہوراور راولپنڈی میٹرو پر بلاناغہ ڈیڑھ لاکھ افراد کا روزانہ سفر ناقدین کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، صوبائی وزیر قانون

پیر 15 جون 2015 14:32

فیصل آباد ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان نے کہاہے کہ میٹرو لاہوراور میٹروراولپنڈی پر طلباء و طالبات ، سرکاری ملازمین ، خواتین خانہ ، کارباری افراد وغیرہ سمیت بلاناغہ ڈیڑھ لاکھ افراد کا سفر کرنا ناقدین کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے نیز پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور عوام نے حقیقی لیڈروں و جھوٹ کی سیاست کرنے والوں میں فرق کرنا بخوبی سیکھ لیا ہے اس لئے اب وہ کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ انتخابات کی طرح آنے والے انتخابات میں بھی پرویزالٰہی اور ان کے ساتھیوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے صوبے کو دیوالیہ کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی تھی اوران کے دور کے تمام منصوبے لوٹ مارو کرپشن سے عبارت تھے جبکہ ان کے دور میں کوئی بھی منصوبہ کرپشن اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسترد شدہ لوگ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے منصوبوں سے پریشان ہو کرغلط اعداد و شمار سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف نے پرویزالٰہی دور کے کرپشن کے قبرستانوں کو ترقی کے میناروں میں تبدیل کیانیز پرویزالٰہی دور کا رنگ روڈ کا نامکمل منصوبہ جس کو وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے دور میں مکمل کروایا ہے اس کی ایک مثال ہے۔