کپاس کی فصل کیلئے مناسب پانی انتہائی ضروری ہے، پانی کی کمی و زیادتی کی وجہ سے کپاس کی فصل پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں؛ڈی جی ایگری کلچرل ریسرچ پنجاب ڈاکٹر عابد محمو د

پیر 15 جون 2015 14:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے د ڈائریکٹر جنرل ایگری کلچرل ریسرچ پنجاب ڈاکٹر عابد محمو د نے کہا کہ کپاس کی فصل پانی کے معاملے میں بڑی حساس ہے، پانی کی کمی اور زیادتی کی وجہ سے کپاس کی فصل پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔اچھی زمین میں عام طور پر موسمی حالات اور کپاس کی ظاہری علامات کو مد نظر رکھتے ہوئے آغاز سے لے کر شروع اکتوبر تک کم از کم پانچ تا چھ دفعہ آبپاشی کی سفارش کی جاتی ہے۔

پانی کا صحیح استعمال پودے کی ضرورت اور زمین کی ساخت کو سامنے رکھ کر کریں۔ آن لائن کے مطابق ان خیالات اظہار انہوں نے پنجاب میں کپاس کاشت مکمل ہونے اور فصل کی بہتر دیکھ بھال بارے شعبہ کپاس کے ماہرین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عابد محمو نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ فصل کپاس کی آبپاشی صرف اس وقت کریں جب فصل کو پانی کی ضرورت ہو۔

ڈرل کاشتہ فصل کو پانی زمین کی خاصیت، پودے کی علامات اور موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے لگائیں۔ جب فصل کپاس کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے تواس کے پودے مختلف علامات ظاہر کرتے ہیں۔ کھیت کے اونچے اور کلراٹھے حصوں پر پودوں کا رنگ کھیت کے باقی پودوں کی نسبت گہرا سبزنظر آنے پر فصل کو دو تین دن کے اندر پانی لگائیں اسی طرح جب کچھ پودوں کی چوٹی کے نزدیک پھول نظر آنا شروع ہوجائیں توبھی فصل کو پانی لگا دیں۔

پودوں کی چوٹی کے نزدیک صرف ڈوڈیاں (گڈیاں) نمایاں نظر آنی چاہئیں ۔کپاس کا پودا جیسے جیسے قد کرتاہے تو نیچے سے تنے کا رنگ سرخی مائل ہونا شروع ہوجاتا ہے اور یہ رنگ پودے کی چوٹی کی طرف بڑھتا ہے جہاں یہ رنگ ختم ہوتا ہے وہاں سے چوٹی تک تنا 5-4 انچ سبز ہونا چاہئے۔ اگر 4 انچ سے کم ہو تو فصل کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر تنا 5 انچ سے زیادہ سبز ہے تو فصل پانی کی زیادتی کی وجہ سے غیر ضروری بڑھوتری کا شکار ہو جاتی ہے۔

پانی کی کمی کی صورت میں گانٹھوں کا درمیانی فاصلہ بھی کم ہوجاتا ہے ایسی صورت میں پانی لگانا بہت ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ملتان، مظفر گڑھ اور دیگر علاقوں میں پری مون سون بارشیں ہوئی ہیں۔ کپاس کے مرکزی علاقوں میں کاشتہ فصل کپاس میں بارشوں کاپانی 24گھنٹے سے زیادہ دیر تک کھڑا نہ ہونے دیں کیونکہ اگر پانی 48گھنٹے کھڑا رہے تو پودے مرجھانا شروع کردیتے ہیں جس سے پیداوار میں کمی احتمال بڑھ جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :