محکمہ زراعت نے کپاس کی فصل کے معائنہ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں

پیر 15 جون 2015 13:52

فیصل آباد ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) محکمہ زراعت توسیع نے کھیت کھیت جا کر کپاس کی فصل کے معائنہ کیلئے یونین کونسلز کی سطح پر ماہرین زراعت کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو تسلسل کے ساتھ کپاس کی کاشت کے علاقوں میں جا کر کپاس کی فصل کا معائنہ کریں گی اور وہاں کاشتکاروں کو موقع پر ہی مفید مشورے ، مناسب رہنمائی اور زرعی سفارشات سے آگاہی فراہم کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ کپاس کی کاشت کے بعض علاقو ں میں بی ٹی اقسام کے وائرس سے فصل کے متاثر ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں جن سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ کھیتوں میں زمینی خوراک کے ساتھ ساتھ سفارش کر دہ زہروں کا سپرے بھی یقینی بنائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی احکامات کی روشنی میں ایک ایمر جنسی پلان بھی مرتب کیا گیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر میں کسانوں ، کاشتکاروں ، زمینداروں کو معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی وافر فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا ئیگا ۔