زرعی ادویات کے اندھا دھند سپرے سے بین الاقوامی منڈیوں میں زرعی اجناس کی مانگ میں کمی ہو رہی ہے،ماہرین

پیر 15 جون 2015 13:51

فیصل آباد ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) پاکستان میں اندھادھند زرعی ادویات کے سپرے کی وجہ سے جہاں ایک جانب ماحولیات کا مسئلہ گھمبیر صورت اختیار کرتا جا رہا ہے وہیں بیرونی منڈیوں میں پاکستان کے تازہ پھلوں، سبزیوں اور دیگر زرعی اجناس کی مانگ بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے لہٰذا ان مسائل پر قابو پانے کے لئے ہمیں کرم کش ادویات کے استعمال کو بین الاقوامی پیمانوں کے مطابق ترتیب دینا ہو گا۔

(جاری ہے)

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے کہاکہ یونیورسٹی کے15 سو سے زائد طلباء انٹرن شپ پروگرام کیلئے نجی اداروں اور زرعی ادویات کی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں جسے جدید سائنسی خطوط پر استوار کرتے ہوئے اس ہیومن ریسورس کو پاکستانی زراعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی تربیت سے آراستہ کرناہو گا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں ہمارے گریجوایٹس کی زیادہ تر کھپت پیسٹی سائیڈ کمپنیوں میں ہوتی ہے لہٰذا یونیورسٹی کو ان کمپنیوں کے مشورے سے نہ صرف اپنے نصاب میں جدتیں اپنانا ہوں گی بلکہ اپنی تحقیق کا رخ بھی ان کی تجاویز کی روشنی میں متعین کرناہو گا۔