رمضان پیکج کے تحت اشیاء کی رعایتی نرخوں پرفراہمی کی سخت مانیٹرنگ کاحکم

پیر 15 جون 2015 13:51

فیصل آباد ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) 5ارب روپے کے چیف منسٹرز رمضان پیکج کے تحت مختلف اشیاء کی رعایتی نرخوں پرفراہمی کیلئے سخت مانیٹرنگ کاحکم دے دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ افسران کو محض کاغذی کاروائی سے اجتناب کی بھی سخت ہدایت کی گئی ہے اورکہا گیاہے کہ اس ضمن میں کسی قسم کی خانہ پری اور دفاتر میں بیٹھ کر کاغذی کاروائیوں سے گریز کیاجائے بصورت دیگر کسی بھی جگہ پر شکائت ملنے کی صورت میں متعلقہ حکام کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ اس ضمن میں کمشنر فیصل آباد ڈویژن نسیم نواز خود بھی رمضان بازاروں اور مارکیٹوں کے اچانک دورے کریں گے تاکہ حقیقی صورتحال اور عوام کو دیئے گئے ریلیف کا جائزہ لیاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ تمام حکام کو سختی سے خبردار کیاگیاہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈویژن بھر میں چیک لسٹ کے مطابق رمضان بازاروں میں تمام تر انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہونے چاہیں جو حقیقی معنوں میں عوامی ریلیف کے قابل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف رمضان بازاروں کے کامیاب انعقاد کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں اور انہوں نے مختلف اشیاء رعایتی نرخوں پرفراہم کرنے کیلئے 5ارب روپے کے رمضان پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تمام تر فوائد صارفین تک پہنچنے چاہئیں۔انہوں نے واضح کیا کہ رمضان بازاروں کے اوقات میں کسی شے کی کمی نہیں ہونی چاہیے اور صارفین کو معیاری اشیاء کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ سستے آٹے اور چینی کی فروخت کے سلسلے میں ایسی حکمت عملی وضع کی گئی ہے کہ صارفین کو قطار اور انتظار کی زحمت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں صفائی ستھرائی،سیکورٹی کا خصوصی اہتمام،سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی،پارکنگ ایریاز،شکایت سنٹرز، میڈیکل کیمپس،بزرگ اور معذور افراد کیلئے خصوصی کاؤنٹرز،وزن کے کنڈوں کی جانچ پڑتال کیلئے محکمہ لیبر کا سٹاف ودیگر اقدمات کا بھی خصوصی اہتمام کیاگیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں مجموعی طور پر 37رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں جن میں ضلع فیصل آباد کے 18،جھنگ کے 8،ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 7،اور چنیوٹ کے 4 رمضان بازار شامل ہیں ۔