تبلیسی میں شدید سیلاب کے باعث 12افراد ہلاک ‘ درجنوں بے گھر

پیر 15 جون 2015 12:34

تبلیسی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) وسط ایشیائی ریاست جارجیاکے دارالحکومت تبلیسی میں شدید سیلاب کے باعث 12افراد ہلاک ‘ درجنوں بے گھرہوگئے ہیں جبکہ وزیراعظم عراکلی گریبشویلی نے سیلاب کی وجہ سے چڑیا گھر سے بھاگنے والے خطرناک جانوروں سے محفوظ رہنے کیلئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔ چڑیاگھرسے بھاگنے والے جانوروں میں8شیر، متعدد چیتے، ریچھ، دریائی گھوڑے اور 20 بھیڑیے شامل ہیں۔

ایک دریائی بھینسے کو مرکزی چوراہے پر بے ہوش کرنے والی بندوق سے نشانہ بناکر پکڑاگیا دوسرے جانوروں میں سے بھی 12 کو ماردیا گیاہے تاہم ابھی تک واضح نہیں کہ مزید کتنے جانورلاپتہ ہیں۔ ہیلی کاپٹرزکے ذریعے امدادی کارروائیوں اور تلاش کاعمل جاری ہے ‘ امدادی کارکن زیرآب آنے والے گھروں میں پھنسے ہوئے لوگوں کوتلاش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

جارجیا کے صدرنے متاثرہ شہرکادورہ کیا اورہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

شہرکے میئر ڈیوت نارمانیا نے بتایا کہ صورت حال بہت خراب ہے، ہلاک ہونے والے افرادمیں چڑیاگھرکے2 ملازمین بھی شامل ہیں۔کئی گھنٹوں کی بارش کے بعددریائے ویری کے کنارے ٹوٹ گئے جس سے آنے والے سیلاب سے ایک کروڑ ڈالر کا نقصان ہوچکاہے۔ شہرمیں ہزاروں لوگ بغیربجلی اور پانی کے رہنے پر مجبور ہیں، بڑی سڑکیں تباہ ‘سیکڑوں گاڑیاں پانی میں بہہ گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :