لاہور ، لبرٹی مارکیٹ میں سپر سٹور میں آتشزدگی،شیشہ ٹوٹنے سے ریسکیو اہلکار سمیت چھ افراد زخمی ، 14افراد کو بچا لیا گیا وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی

پیر 15 جون 2015 11:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) لاہور میں لبرٹی مارکیٹ میں سپر سٹور میں آگ لگ گئی ‘ شہر بھر کے فائر ٹینڈرز طلب کرلئے گئے‘ آگ نے تہہ خانے سمیت عمارت کی چھ منزلوں کو لپیٹ میں لے لیا‘ آگ سے شیشہ ٹوٹنے سے ریسکیو اہلکار سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے‘ 14افراد کو بچا لیا گیا‘ وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

پیر کو صبح پانچ بجے کے قریب لبرٹی مارکیٹ میں سپر سٹور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس پر سات گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکتا۔ گراؤنڈ فلور میں لگی آگ نے پھیل کر عمارت کی چھٹی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ پر قابو پانے کے لئے شہر بھر کے فائر ٹینڈرز طلب کرلئے گئے۔ آگ بجھانے میں ریسکیو ‘ پی ایچ اے اور ضلعی انتظامیہ کے عملے نے بھی حصہ لیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو ذرائع کے مطابق کھڑکی کا شیشہ گرنے سے ریسکیو اہلکار سمیت چھ افراد معمولی زخمی ہوگئے۔عمارت سے چودہ افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ پلازہ میں داخلے اور اخراج کا ایک ہی راستہ ہونے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عمارت کی دیوار توڑ کر آگ بجھائی گئی۔ پلازہ سے ملحقہ عمارتوں کو بھی خالی کرالیا گیا تھا۔ سپر سٹور کے مالک محمد عرفان کے مطابق انتظامیہ نے آگ بجھانے میں مکمل تعاون کیا آگ صبح پانچ بجے کے قریب لگی جس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔