آپریشن ضرب عضب کا ایک سال لازوال قربانیوں کی مثال ہے، محفوظ اور پرامن بنانے پر پاکستان ہمیشہ اپنے بیٹوں کا شکرگزار رہے گا، ترقی و خوشحالی کیلئے دہشت گردی ختم کرنے پر ہر پاکستانی فوجی جوانوں کا احسان مندہے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا بیان

اتوار 14 جون 2015 23:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جون۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کا ایک سال لازوال قربانیوں کی مثال ہے، محفوظ اور پرامن بنانے پر پاکستان ہمیشہ اپنے بیٹوں کا شکرگزار رہے گا، ترقی و خوشحالی کیلئے دہشت گردی ختم کرنے پر ہر پاکستانی فوجی جوانوں کا احسان مندہے۔ اتوار کووزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے اپنے ایک بیان میں آپریشن ضرب عضب کے ایک سال پورا ہونے پر کہا کہ پر امن پاکستان ہمیشہ اپنے بیٹوں پر فخر کرتا رہے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سینیٹر پرویز رشید نے تحریک انصاف کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کو لکھے گئے خط پر اپنے رد عمل میں کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کو لکھا گیا خط اور مطالبہ در اصل عمران خان کی شکست کا اعتراف ہے، ثبوت، دستاویزات اور گواہیاں پیش کرنے کے دعوے میں ناکام ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے جوڈیشل کمیشن کو نئے خطوط لکھنا شروع کر دیئے ہیں، جوڈیشل کمیشن کی باقاعدہ کارروائی کے دوران پی ٹی آئی نے آر اوز کو بطور گواہ نہیں بلایا، نئے مطالبے میں آر اوز کو بلانا یوٹرن کے بادشاہ کا نیا یوٹرن ہے، انکوائری کمیشن کے حتمی نتیجے تک پہنچنے کے مطالبہ پر پی ٹی آئی کا مطالبہ پاکستان کی سیاست کو الجھانے میں ڈالنے کیلئے ہے تا کہ قومی ترقی کے اہداف حاصل نہ کئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

عمران خان پہلے دن سے اپنے الزامات کی صداقت تسلیم کرنے میں ناکام رہے، وہ جوڈیشل کمیشن کے سوالوں کے جواب نہ دے سکے، وہ نہیں بتا سکے کہ انتخابات میں دھاندلی کا سرغنہ کون تھا؟ کیا منصوبہ تھا؟ اور کس نے اس پر عملدرآمد کرایا؟ ڈی چوک کی رونقیں پہلے دن سے ہی ختم ہونا شروع ہو گئی تھیں، ڈی چوک کا پیغام محض ٹی وی سکرین تک ہی محدود تھا، ڈی چوک سیاست کیلئے عوامی حمایت کی مسلسل کمی نے عمران خان کو بوکھلا دیا تھا، عمران خان اپنے جھوٹ کو تسلیم کریں، الزامات پر معافی مانگ کر واپس لیں اور دہشت گردی کے خاتمے، ملکی ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔