جڑواں شہروں اور پنجاب کے مختلف شہروں میں گردآلود ہوائیں اور موسلادھار بارش ، موسم خوشگوارہوگیا، شہریوں کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا، ملتان میں 60میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی سے کھمبے اور بورڈز اکھڑ گئے، آم کے باغات کو شدید نقصان

اتوار 14 جون 2015 19:04

اسلام آباد/راولپنڈی/ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جون۔2015ء) جڑواں شہروں اور مری سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گردآلود ہوائیں اور موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، اسلام آباد اور ملکہ کوہسار مری میں بھی تیز بارش اور ژالہ باری کے بعد پہاڑوں کا حسن نکھر گیا، چھٹی کا دن ہونے کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے فیملیز کے ہمراہ تفریحی مقامات کا رخ کرلیا، ملتان میں 60میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی نے بجلی کے پول اکھاڑ دیئے، آندھی سے آم اور پھلوں کے دیگرباغات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو جڑواں شہروں میں سہ پہر دیکھتے ہی دیکھتے آسمان کو گہرے سیاہ بادلوں نے ڈھانپ لیا اور تیز گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں، جس سے گرمی کازور ٹوٹ گیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اسلام آباد ،راولپنڈی اور گردونواح میں تیز بارش اور ژالہ باری کے بعد شہر کا حسن نکھر گیا۔ چھٹی کا دن ہونے کے باعث شہریوں نے فیملیز کے ہمراہ تفریحی مقامات کا رخ کرلیا اور بارش کا خوب مزا لیتے رہے، منچلوں کی ٹولیاں بھی سڑکوں پر نکل آئیں،بارش سے مارگلہ کی پہاڑیوں کا حسن بھی نکھر گیا،ملکہ کوہسار مری اور اس کے گردونواح میں بھی تیز بارش کے باعث موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا، پنجاب کے مختلف شہروں، ملتان، وہاڑی، بورے والا میں بھی تیز آندھی کے ساتھ شدید بارشوں نے نظام زندگی معطل کر دیا، ملتان میں 60میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی نے بجلی کے پول اکھاڑ دیئے، آندھی سے آم کے درختوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

بنوں اور ڈیرہ بگٹی کے علاقوں میں بھی بارشوں کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ سندھ کے شہری بارش کو ترستے رہے اوربیشتر شہروں میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے اوپر رہا۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اسلام آباد ، راولپنڈی، مری، مالاکنڈ، ہزارہ ، آزاد کشمیر اور پنجاب کے کئی شہروں میں کل (پیر) کی شام بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ دن کے اوقات میں سخت دھوپ متوقع ہے۔