سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کیلئے یکطرفہ حلقہ بندیوں کے ذریعے دھاندلی کی شروعات کردی ہے،الیکشن کمیشن نوٹس لے ، غنوی بھٹو

اتوار 14 جون 2015 17:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو ) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اور ان کے اتحادیوں نے بلدیاتی انتخابات کیلئے اپنے من پسند با اثر افراد کی فرمائش پر غیر منطقی اوریکطرفہ حلقہ بندیوں کے ذریعے دھاندلی کی شروعات کردی ہے جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان اورعدالت عالیہ کوسخت نوٹس لینا چاہئے ․ سترکلفٹن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ حکمران طبقات کی یہ بھول ہے کہ من پسندحلقہ بندیوں کے ذریعے مخالفین کے ووٹ تقسیم کر تے ہوئے وہ انتخابات با آسانی جیت سکتے ہیں لیکن انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے تمام ووٹر زباشعور ہیں اور ان سب کے مسائل یکساں ہیں جن سے نجات پانے کیلئے وہ ظالم حکمرانوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے ․ غنویٰ بھٹو نے مزید کہا کہ زرداری لیگ سمیت اسٹیٹسکو کی تمام جماعتیں ہمیشہ ریاستی مشینری کے ذریعے انتخابات جیتنے کی عادی ہو چکی ہیں اس لئے ووٹرزکی ان کے پاس کوئی قدر و قیمت نہیں ہے ․ محترمہ غنویٰ بھٹو نے اپنے بیان کے آخر میں صوبائی عہدیداروں اور پارٹی کارکنان سے ہدایت کی ہے کہ وہ عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ان جعلی حلقہ بندیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے قانونی ماہرین سے مشاورت کریں اور متوقع بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے اپنی حکمت عملی وضع کریں ۔