جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن پہلی ترجیح ہے‘خواجہ سلمان رفیق

نئے مالی سال میں صوبے کے مختلف شہروں میں 9سینٹرز آف ایکسیلنس قائم کئے جائیں گے‘مشیر وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 14 جون 2015 17:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء ) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن پہلی ترجیح ہے اور نئے مالی سال میں صوبے کے مختلف شہروں میں 9 سینٹرز آف ایکسیلنس قائم کئے جائیں گے جبکہ لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر نئے مالی سال میں 3 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لاہور میں کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کے منصوبے پر کام شروع ہو چکا ہے جس کے لئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بیدیاں روڈ پر 50 ایکڑ زمین پہلے ہی مختص کر دی ہے اور رواں سال کنسلٹنسی فرم ہائر کرنے اور دیگر ضروریات کے لئے 300 ملین روپے فراہم کئے گئے تھے جبکہ 2015-16ء میں اس منصوبے کے لئے 3ارب روپے مختص کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ ایک سٹیٹ آف دی آرٹ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دوران زچگی شرح اموات پر قابو پانے اور ماں بچہ کی سہولیات میں اضافہ کے لئے 700 بنیادی مراکز صحت میں 24گھنٹے لیبر روم کی سہولیات فراہم کرنے کا ہدف ایک ماہ کے اندر حاصل کر لیا جائے گا -خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پورے صوبے میں صحت کی سہولیات کی یکساں فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور دوردرز اضلاع میں عوام کو مقامی سطح پرطبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹ خریدے جا رہے ہیں جن کے لئے بجٹ میں ایک ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔

علاوہ ازیں راولپنڈی میں انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن‘ ملتان اور بہاولپور میں کڈنی سینٹرز‘ ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں توسیع‘ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ‘ راولپنڈی اور بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال کا قیام‘ چلڈرن ہسپتال لاہور میں انسٹی ٹیوٹ آف پیڈیاٹرک کارڈیالوجی اینڈ کارڈیک سرجری کا قیام اور نرسنگ سکولوں کی کالج کی سطح پر اپ گریڈیشن اور نرسنگ کالجز کو سینٹر آف ایکسیلنس بنانے کے منصوبے 2015-16ء کے صحت کے ترقیاتی بجٹ کا حصہ ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں قائم کئے جانے والے انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز کی ایمرجنسی میں کام شروع ہو گیا ہے جبکہ انسٹی ٹیوٹ کو مکمل فنکشنل کرنے کے لئے مزید 29 کروڑ روپے فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں سینٹرل ریسرچ لیب قائم کرنے کے لئے 6 کروڑ اور لاہور جنرل ہسپتال کے اندر سڑکوں کی تعمیر کے لئے بھی 6 کروڑ روپے فراہم کئے جا رہے ہیں - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ 2015-16ء کا مالی سال ہیلتھ سیکٹر ڈویلپمنٹ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت نے صحت کا بجٹ 121 ارب سے بڑھا کر 166 ارب روپے کر کے ایک تاریخی اقدام کیا ہے جس سے عوام کو صحت کی بہترسے بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی -

متعلقہ عنوان :