مہذب اقوام کی پہچان ان کی قومی شاہرات پر ٹریفک ڈسپلن ،مثبت رویے سے ہوتی ہے، محمد سلیم بھٹی

مثبت عوامل ٹریفک حادثات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،روڈ سیفٹی تھیم پارک سے شعور میں اضافہ، ٹریفک حادثات سے ہونیوالے سماجی، اقتصادی نقصانات میں کمی آئیگی، آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس

اتوار 14 جون 2015 17:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) مہذب اقوام کی پہچان ان کی قومی شاہرات پر ٹریفک ڈسپلن اور مثبت رویے سے ہوتی ہے۔اور یہی مثبت عوامل ٹریفک حادثات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس محمد سلیم بھٹی نے بابو صابو کمپلیکس لاہور میں روڈ سیفٹی تھیم پارک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

ڈی آئی جی زونل کمانڈر مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی اشرف زبیر صدیقی، ایس ایس پی مسرور عالم کلاچی، ایس ایس پی غلام جعفر، ایس ایس پی اطہر وحید، سیکٹر کمانڈر عبدالخلیل،پٹرولنگ افسران سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے بچوں نے شرکت کی۔آئی جی سلیم بھٹی نے کہا کہ روڈ سیفٹی تھیم پارک بچوں میں ابتدائی عمر سے ہی روڈسیفٹی آگاہی پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

اس تھیم پارک میں روڈ سیفٹی ایجوکیشنل پروگرامزاسطرح ڈیزائن کیے گئے ہیں جو ٹریفک سیفٹی کے ہر فیکٹر ، جس میں پیدل روڈ کراسنگ سے ڈرائیور تک ہر عمل میں انتہائی مثبت اقدام کرے گا۔آئی جی سلیم بھٹی نے کہا کہ روڈ سیفٹی تھیم پارک بچوں میں روڈ سیفٹی کے پروگرام کا مکمل پیکیج ہوگا ۔ جس سے نہ صرف روڈ سیفٹی شعور میں اضافہ ہو گا بلکہ ٹریفک حادثات سے ہونے والے سماجی اور اقتصادی نقصانات میں بھی کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس ملک کے کونے کونے میں ٹریفک ایجوکیشن اور اسکے شعور میں اضافے کے لیے ڈرائیونگ سکولز بنا رہی ہے تاکہ قومی شاہرات پر بہترین ٹریفک ڈسپلن میں اضافہ ہوسکے اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔آئی جی سلیم بھٹی نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور روڈ سیفٹی تھیم پارک جیسے پراجیکٹس ٹریفک کے بارے میں شعور پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر زونل کمانڈر ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ کی اس تھیم پارک کو قائم کرنے میں کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دن رات محنت کر کے اس پارک کو قائم کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :