جنرل ہسپتال سے منسلک امیرالدین میڈیکل کالج کے پہلے مجلہ”ایملٹ2015“ کا اجراء

اتوار 14 جون 2015 16:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء )جنرل ہسپتال سے منسلک امیرالدین میڈیکل کالج کے زیرتعلیم طلباء و طالبات کی معاونت سے پہلی بارمجلہ ”ایملٹ“ کا اجراء کردیاگیا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی و امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر انجم حبیب وہرہ کی جانب سے دی گئی اجازت کے پیش نظر شائع کیاگیا ”ایملٹ2015“ اپنی نوعیت کا انوکھا اورمنفردمجلہ ہے جس میں بیک وقت اردو، انگلش اور پنجابی میں مضامین کی اشاعت ممکن بنائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کالج کے مختلف کلاسز میں زیرتعلیم طلباء و طالبات نے بطور مدیر، سب ایڈیٹر اور ممبر خدمات سرانجام دی ہیں۔250صفحات سے زائد پر مشتمل مذکورہ مجلہ میں طلباء و طالبات کی جانب سے کالج میں ڈینگی سمیت دیگر حوالوں سے منعقد کی جانے والی تقاریب، نصابی اور غیرنصابی سرگرمیوں کا بھی بخوبی احاطہ کرتے ہوئے ہمیں بطور قوم اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا درس بھی دیا گیا ہے جبکہ میگزین میں مختلف نوعیت کی ایسی دلچسپ تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں جوکہ خود اپنی زبان سے احوال بیان کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ مجلہ ”ایملٹ 2015“کی اشاعت کے حوالے سے گذشتہ روز باضابطہ طور پراس کی تقریب رونمائی کا اہتمام کیاگیا جس میں پرنسپل سمیت فیکلٹی ممبران ، طلباء و طالبات بھی موجود تھے۔