شعرائے کرام قومی احساسات کے ترجمان ہوتے ہیں،ڈاکٹر غضنفر مہدی

اتوار 14 جون 2015 15:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء)ممتاز سکالر ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا ہے کہ شعرائے کرام قومی احساسات کے ترجمان ہوتے ہیں۔ شعراء نے تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے یہ بات پریس کلب چکوال کے زیر اہتمام سالمیت پاکستان کل پاکستان محفل مشاعرہ کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ بعض این جی اوز غیر ملکی اشعارے پر ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور یہی عناصر عوام میں مایوسی کی فضاء پیدا کر رہے ہیں ۔

ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہاکہ شعرائے کرام نے تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ موجودہ عہد اپنی نزاکت کے اعتبار سے تحریک پاکستان سے زیادہ نازک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شعراء مولانا الطاف حسین حالی ، علامہ اقبال اور جوش ملیحہ آبادی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے لوگوں میں خود اعتمادی کا احساس پیدا کریں تاکہ ان میں جذبہ حب الوطنی پیدا ہو اور وہ دہشت گردی اور فرقہ واریت کیخلاف متحد ہوں۔

(جاری ہے)

چکوال کے ڈی سی او محمود جاوید بھٹی نے شعراء کرام اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس یاد گار مشاعرے کے انعقاد کا سہرا پریس کلب کے خواجہ بابر سلیم کے سر ہے انہوں نے کہا کہ تمام قومی اہم دنوں پر ہم پریس کلب اور دیگر ادبی تنظیموں کے ساتھ مل کر قومی تقریبات کے ساتھ مل کر انعقاد کرینگے ۔ محفل مشاعرہ میں احسان اکبر ، سرفراز شاہد ، علی اکبر عباس ، فرخ راجہ ، انجم خلیق ، نورین طلعت عروبہ ، وفاء چشتی ، طاہر حنفی ، جنید آزر ، تبسم اخلاق و دیگر نے اپنا تازہ کلام پیش کیا۔ اس یادگار محفل مشاعرہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔