بھارت سمیت کسی ملک کو اقتصادی راہداری منصوبے پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے، اقتصادی راہداری سے پاکستان کے ساتھ ساتھ پورے خطے کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا، حکومت نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے جامع انتظامات کئے ہیں، اقتصادی راہداری منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کریں گے،میٹرو بس منصوبہ وسائل عام آدمی پر صرف کرنے کی شاندار مثال ہے

وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا چینی وزارت خارجہ کے مڈکیریئر سفارتکاروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 14 جون 2015 14:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت سمیت کسی بھی ملک کو اقتصادی راہداری منصوبے پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے، اقتصادی راہداری سے پاکستان کے ساتھ ساتھ پورے خطے کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا، حکومت نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے جامع انتظامات کئے ہیں، اقتصادی راہداری منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کریں گے،میٹرو بس منصوبہ وسائل عام آدمی پر صرف کرنے کی شاندار مثال ہے۔

اتوار کو وزیراعلیٰ شہباز شریف سے چین کی وزارت خارجہ کے مڈکیریئر سفارتکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفد میں ملاقات میں کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت معیشت کی بہتری کیلئے شاندار اقدامات کر رہے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کے دشمن اور دوست مشترکہ ہیں، دونوں ممالک کی دوستی معاشی تعلقات میں بدل چکی ہے، چینی صدر شی چن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران 46 ارب ڈالر کے اقتصادی پیکج کا اعلان ہوا، جن میں سے 33 ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر صرف ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چین کے اقتصادی پیکج سے ترقی و خوشحالی آئے گی اور معیشت مضبوط ہو گی، بھارت سمیت کسی بھی ملک کو اقتصادی راہداری منصوبے پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے، اقتصادی راہداری سے پاکستان کے ساتھ ساتھ پورے خطے کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا، راہداری سے خطہ ترقی کرے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، اقتصادی راہداری دہشت گردوں کو شکست دینے کامضبوط طریقہ کار ہے، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کیلئے اقتصادی راہداری اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے چینی شہریوں کی یقینی بنانے کیلئے جامع انتظامات کئے ہیں، اقتصادی راہداری منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کریں گے، معاشی آزادی کے بغیر حقیقی آزادی کا تصور مکمل نہیں ہو سکتا، پنجاب میں وسائل کوعام آدمی کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا، میٹرو بس منصوبہ وسائل عام آدمی پر صرف کرنے کی شاندار مثال ہے،اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔