عام امریکی کے آگے بڑھنے تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ہلیری کلنٹن

عام امریکیوں کی مدد کرونگا  سابق وزیر خارجہ اور صدارتی امیدوار نے پالیسی کا خاکہ پیش کر دیا

اتوار 14 جون 2015 13:36

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء)امریکہ کے صدارتی انتخاب کیلئے ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل امیدوار اور ملک کی سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے اپنی انتخابی مہم کے پہلے بڑے جلسے سے خطاب میں عام امریکی شہریوں کی مدد کا وعدہ کیا ہے۔انھوں نے اپنی مہم کا آغاز نیویارک کے روذویلٹ آئی لینڈ میں اپنے ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس خطاب میں ہلیری کلنٹن نے اپنی اہم پالیسیوں کا خاکہ پیش کیا اور کہا کہ وہ عام امریکی شہریوں کی مدد کریں گی۔انھوں نے ملازمت پیشہ خاندانوں کی مدد کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک آپ آگے نہیں بڑھیں گے امریکہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔انتخابی مہم کے آغاز پر ہلیری کے شوہر اور سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور ان کی بیٹی چیلسی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ہلیری کلنٹن نے کہا کہ اگر وہ اگلے سال صدر بنتی ہیں تو وہ اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ امریکی معیشت صرف اونچے طبقے کیلئے ہی نہیں بلکہ عام امریکی شہریوں کیلئے فائدہ مند ہو۔

67 سالہ ہلیری نے کہاکہ خوشحالی صرف سی ای او اور ہیج فنڈ مینیجرز کے لیے نہیں ہے، جمہوریت صرف ارب پتیوں اور بڑی کمپنیوں کیلئے ہی نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ اگر ایک عام امریکی اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا ہے تو اسے آگے بڑھنے کا حق ہے اور جب سب لوگ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے تو امریکہ آگے بڑھے گا۔امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اب تک صرف چھوٹے جلسوں کا انعقاد ہی کر رہی تھیں تاہم منعقد ہونے والی ریلی سے ان انتخابی مہم نے رفتار پکڑ لی ہے۔ہلیری کلنٹن کو امید ہے کہ وہ امریکہ کی پہلی خاتون صدر بنیں گی اگر وہ کامیاب رہیں تو مسلسل تیسری بار وائٹ ہاوٴس پر ڈیموکریٹک پارٹی کا راج ہوگا۔