ملک میں تقرییاً ایک کروڑ 80لاکھ افراد معذوری کا شکار

اتوار 14 جون 2015 13:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) اس وقت ملک میں تقرییاً ایک کروڑ 80لاکھ افراد معذوری کا شکار ہیں۔ معذور افراد کی بحالی اور ترقی کیلئے کام کرنے والے غیر منافع بخش ادارے (ایل سی سی ڈی پی پاکستان) کے زیر انتظام آجروں اور میڈیا کے حوالے سے ورکشاپ منعقد کی گئی تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی جسمانی معذوری کے شکار افراد کی صلاحیتوں سے آگاہی فراہم کی جاسکے ۔

ایل سی سی ڈی پی پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمران نذیر نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ ملک بھر کے مختلف حصوں میں معذور افراد کو فنی و پیشہ وارانہ تربیت کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے شعبہ میں تربیت فراہم کر رہا ہے تاکہ روز گار تک ان کے رسائی میں آسانیاں پیدا کی جاسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی اداروں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کی تقریباً 10فیصد آبادی کسی قسم کی معذوری کا شکار ہے اور تقریباً ایک کروڑ 80لاکھ معذور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایل سی سی ڈی پی پاکستان معذور افراد کی تعلیم ،صحت ،ٹرانسپورٹ ، تربیت اور روزگار کے حصول میں معاونت فراہم کررہا ہے۔ تاکہ ان کو روز گار کی فراہمی سے معذور افراد کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جاسکے اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا معاشرے کے تمام افراد کا فرض ہے کہ وہ معذور افراد کی بحالی اور ترقی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ ایک سوال کے جواب پر عمران نذیر نے کہا کہ ادارہ 2006ء سے کام کر رہا ہے اور اب تک ہزاروں معذورمرد و خواتین کو تربیت فراہم کرنے کے علاوہ ان کو روز گار کے حصول میں بھی معاونت فراہم کر چکا ہے۔