آئی بی سی ای اور یو ایم ٹی کے اشتراک سے تین روزہ بین الاقوامی تجارتی کانفرنس و نمائش 30 اکتوبر سے شروع ہو گی

اتوار 14 جون 2015 12:59

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء)انٹرنیشنل بزنس کانفرنس اینڈ ایگزیبیشن(آئی بی سی ای) اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ایم ٹی) کے اشتراک سے تین روزہ بین الاقوامی تجارتی کانفرنس و نمائش(آئی بی سی ای) 2015ء 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک یہاں منعقد ہو گی۔یہ بات ڈائریکٹر جنرل یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی و چیئرمین (آئی بی سی ای ) 2015ء عابد حسین شیروانی نے نمائش و کانفرنس کے کامیاب انعقاد کا جائزہ لینے کیلئے قائم کمیٹی کے14 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح کی انتہائی مفید معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کا مقصد معاشی ترقی کے عمل کو موثر انداز میں آگے بڑھانا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں‘صنعتکاروں ‘نمائش کنندگان‘تیار کندگان‘برآمد و درآمد کنندگان اور تعلیمی اداروں کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلہ میں مارکیٹنگ کی جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے تاکہ قومی وبین الاقوامی کمپنیوں کو نمائش میں سٹالز کی خریداری پر قائل کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ایونٹ نمائش و کانفرنس کے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں سے ایک بڑی کامیابی سمیٹے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ آئی بی سی ای کی کامیابی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اور وسائل بروئے کار لائیں گے جبکہ نمائش کے بہتر پیشہ ورانہ انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔عابد حسین شیروانی نے مزید کہا کہ (آئی بی سی ای) کے چندوفود مذکورہ نمائش کی تشہیر کے لئے بیرون ممالک کے دورے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک نہایت خوش آئند بات ہے کہ متعدد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے نمائش کا حصہ بننے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے جس سے نہ صرف ملک کے مثبت پہلو کو اجاگر کرنے بلکہ آمدن کے حجم و وسائل کو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری‘تمام ایوان ہائے صنعت و تجارت‘غیر ملکی سرمایہ کاروں‘صنعتکاروں نے مذکورہ نمائش و کانفرنس کا بھرپور انداز میں خیر مقدم کیا ہے اور تاجروں و سرمایہ کاروں سے نمائش کے تعمیری و مثبت پہلوؤں کے حوالے سے طلب کی جانیوالی تجاویز و سفارشات پر بھرپور انداز میں عملدرآمد کیا جائے گا۔

نمائش کے چیئرمین عابد شیروانی نے مزید بتایا کہ قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان(اے پی پی) انٹرنیشنل بزنس کانفرنس اینڈ ایگزبیشن کا میڈیا پارٹنر ہو گا اور نمائش اور اس سے منسلک قومی و بین الاقوامی سرگرمیوں کو بھرپور پیشہ ورانہ انداز میں پیش کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں‘صنعت و تجارت‘سول سوسائٹی‘حکومت‘میڈیا اور سماجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد مذکورہ نمائش و کانفرنس میں حصہ لے گی جنہیں ایک دوسرے کے باہمی نظریات سے مستفید ہونے کے وسیع مواقع ملیں گے۔انہوں نے بتایا کہ نمائش و کانفرنس کا میڈیا پارٹنر ہونے کی حیثیت سے(اے پی پی) اور( آئی بی سی ای) کے مابین مفاہمتی یاداشت معینہ وقت پر ہو گی۔