سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز بنانے کیساتھ پبلک پرائیویٹ اشتراک سے منصوبوں کا آغاز کیاجائے ‘ سی ای او کوتھم

حکومت کی طرف سے نوجوان طبقے کو ہنر مند بنانے کیلئے عملی اقدامات خوش آئند ہیں ، جدت کو روایتی سکلڈ کورسز سے تبدیل کرنا ہوگا دنیا کے مختلف ممالک سے دیرینہ تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے سکلڈ لیبر فورس باہر بھجوانے کے معاہدے کئے جائیں‘ احمد شفیق

اتوار 14 جون 2015 12:39

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) کالج آف ٹور ازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے نوجوان طبقے کو ہنر مند بنانے کیلئے عملی اقدامات خوش آئند ہیں ، دنیا کے مختلف ممالک کی طلب کو مد نظر رکھتے ہوئے جدت کو روایتی سکلڈ کورسز سے تبدیل کرنا ہوگا ، پاکستان خوبصورت اور پر فضاء مقامات کے حوالے سے اپنا ثانی نہیں رکھتا ایسے مقامات کی ترقی کیلئے پبلک پرائیویٹ اشتراک سے منصوبوں کا آغاز کیا جانا چاہیے ۔

”پاکستان کی ترقی میں نوجوان طبقے اور سیاحت کا کردار “کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او کوتھم احمد شفیق نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال لاکھوں کی تعدا د میں ایسے نوجوان سامنے آرہے ہیں جنہیں روزگار کی ضرورت ہوتی ہے اور ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کا انتظام کرے ۔

(جاری ہے)

حکومت کی طرف سے نوجوان طبقے کو ہنر مند بنانے کے لئے عملی اقدامات خو ش آئند ہیں ۔

حکومت دنیا کے مختلف ممالک خصوصاً خلیجی ممالک سے اپنے دیرینہ تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان سے سکلڈ لیبر فورس کو باہر بھجوانے کیلئے معاہدے کرے ۔ان ممالک کی طلب کو مد نظر رکھتے ہوئے جدت کو روایتی سکلڈ کورسز سے تبدیل کرنا ہوگا۔ احمد شفیق نے مزید کہا کہ سیاحت سمیت ایسے بہت سے شعبے ہیں جنہیں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے بجٹ میں یکسر نظر انداز کیا گیا ہے ۔ خوبصورت ا ور پر فضا مقامات کے حوالے سے پاکستان اپنا ثانی نہیں رکھتا لیکن بد قسمتی سے ا س سے استفادہ نہیں کیا جارہا ۔ حکومت سیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز بنانے کے ساتھ ساتھ پبلک پرائیویٹ اشتراک سے منصوبوں کا آغاز کرے جس کے انتہائی دورس نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔