عدلیہ کی آزادی ،خود مختاری اور وقار کی بحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کرینگے ‘مظفر علی ظفر ایڈووکیٹ

جو سازشی عناصر ذاتی مقاصد کی خاطر بار اور بنچ کے درمیان محاذ آرائی کی فضاء پیدا کرنے میں سرگرداں ہیں انہیں بالاخر شدید مایوسی ہو گی

اتوار 14 جون 2015 12:15

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز آزادکشمیر سٹیرنگ کمیٹی کے کنویئر مظفر علی ظفر ایڈووکیٹ نے اخبارات کے نام ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز ریاست میں آئین قانون اور میرٹ کی بالادستی کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گی عدلیہ کی آزادی ،خود مختاری اور وقار کی بحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ جو سازشی عناصر ذاتی مقاصد کی خاطر بار اور بنچ کے درمیان محاذ آرائی کی فضاء پیدا کرنے میں سرگرداں ہیں انہیں بالاخر شدید مایوسی ہو گی ۔آزادکشمیر بھر سے وکلاء برادری نے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ریاستی اداروں کی عزت و احترام اور عام آدمی کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے مضبوط اور با کردار بار ایسوسی ایشنز کا وجود کسی بھی معاشرہ میں مضبوط عدلیہ کی علامت ہوتا ہے لیکن ہر دور میں ایسی تخریبی قوتیں بھی موجود رہتی ہیں جو بار کے کردار کو مٹانے کی کوشش میں لگی رہتی ہیں تا کہ عدلیہ سے اپنے مذموم مفادات کے حصول میں کامیاب ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

ریاست کے تمام وکلاء ایسے عناصر کی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کا توڑ بھی کرنا جانتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز اپنے مطالبات اور مقاصد کے حصول کے لیے متحد ہیں سٹیرنگ کمیٹی کو وکلاء کا اعتماد حاصل ہے ان کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں تمام با رایسوسی ایشنز ایک ادارہ کی حیثیت سے عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور بھرپور اعتماد کا اظہار کرتی ہیں ایسے اقدامات کا جن سے عدلیہ کے وقار اور اس کی شہرت پر حرف آتا ہو ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا بھی اعلان کرتی ہیں ۔

انہوں نے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو خبر دار کیا کہ وہ اپنے من پسند نا اہل لوگوں کو اعلیٰ عدلیہ میں جج تعینات کروانے سے باز رہیں اور چیف جسٹسز صاحبان سے بھی اپیل کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ ہر قسم کی سیاسی وشخصی مصلختوں سے بالا تر ہو کر صرف آئین اور میرٹ کی بنیاد پر سفارشات کو یقینی بنائیں گے ۔