بجٹ تباہ حال عوام کی گردنوں میں پھندا اور معاشی استحصال کے ایجنڈے کے سوا کچھ نہیں،عبدالرشید ترابی

حکومت کھیلوں کی سرپرستی کرے اور نوجوانوں کے لیے بجٹ میں رقم مختص کرے،کھیل صحت مند معاشرے کے لیے ضروری ہیں جماعت اسلامی آزادی کے مقاصد کی تکمیل کے لیے جدوجہد کررہی ہے سیاسی جتھے نظام تبدیل نہیں کر سکتے اس کی تبدیلی کے لیے نظریاتی اور تربیت یافتہ ٹیم کی ضرورت ہے جو جماعت اسلامی کے پاس ہے‘امیر جماعت اسلامی

اتوار 14 جون 2015 12:13

باغ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بجٹ تباہ حال عوام کی گردنوں میں پھندا اور معاشی استحصال کے ایجنڈے کے سوا کچھ نہیں،حکومت کھیلوں کی سرپرستی کرے اور نوجوانوں کے لیے بجٹ میں رقم مختص کرے،کھیل صحت مند معاشرے کے لیے ضروری ہیں اس کے ذریعے نوجوان سماجی برائیوں اور مسائل سے بچاؤ کا ذریعہ ہیں جماعت اسلامی آزادی کے مقاصد کی تکمیل کے لیے جدوجہد کررہی ہے سیاسی جتھے نظام تبدیل نہیں کر سکتے اس کی تبدیلی کے لیے نظریاتی اور تربیت یافتہ ٹیم کی ضرورت ہے جو جماعت اسلامی کے پاس ہے حکومت تحریک آزادی کشمیر اور قرآن کی تعلیم کے لیے بجٹ میں رقم مختص کرے،تعمیراتی بجٹ میں اضافہ کیا جائے تا کہ تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے،متاثرین زلزلہ ،متاثرین سیلاب اور نوجوانوں کے روزگار کے لیے بھی بجٹ میں رقم مختص کی جائے،ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈھل قاضیاں میں ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اوردریں اثنا برکا میرا میں جماعت اسلامی جنوبی باغ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر درجنوں افراد نے دیگر جماعتوں سے مستعفی ہو کر جماعت اسلامی میں شامل ہونے کا اعلان کیا،تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ایک ٹورنامنٹ ہم یہاں کھیل رہے ہیں اور ایک ٹورنامنٹ عالمی سطح پر مغرب نے امت کے نوجوانوں کے خلاف شروع کررکھا ہے اور وہ ہے نوجوانوں کو اسلامی تہذیب سے دور کر کے مغربی تہذیب کا دلدادا بنانا نوجوانوں کے لیے یہ بڑا چیلنج ہے انہوں نے کہا کہ کھیلیں نوجوانوں کو صحت مند بناتی ہیں اور کئی سماجی برائیوں سے بچاتی ہیں،برکا میرا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی میں شامل ہونے والوں کو میں مبارکباد پیش کرتا ہوں جماعت اسلامی ہی آزاد خطے میں نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے اور نوجوانوں کے حقوق کے لیے میدان میں موجود ہے انہوں نے کہاکہ جنوبی باغ کو ہمیشہ میں نے ترجیح میں رکھا جب میں ممبر اسمبلی تھا تب بھی اس علاقے کے مسائل میں نے ترجیح بنیادوں پر حل کیے ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی بساط کے مطابق کوشش کررہی ہے لیکن مسائل اتنے ہیں کہ جب تک حکومتی وسائل نہ ہو تو یہ مسائل حل نہیں ہو سکتے ہمارے مسائل کی جڑ ہمارے حکمران ہیں جو ہمارے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں تو ہم اس نظام کو تبدیل کریں گے۔