سندھ بجٹ کیخلاف ایم کیو ایم کی کال پر مختلف شہروں میں ہڑتال

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 14 جون 2015 12:08

سندھ بجٹ کیخلاف ایم کیو ایم کی کال پر مختلف شہروں میں ہڑتال

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14جون۔2015ء) سندھ بجٹ کے خلاف ایم کیو ایم کی کال پر کراچی سمیت مختلف شہروں میں آدھے دن کی ہڑتال کی جا رہی ہے ، دکانیں ، ہوٹل اور پٹرول پمپس بند ہیں ۔ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے ، رابطہ کمیٹی نے احتجاج رجسٹر کرانے کے بعد دوپہر ایک بجے کاروبار زندگی بحال کرنے کی اپیل کی ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ کے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے صوبے بھر میں ہڑتال کی کال دی ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی میں بیشتر تجارتی مراکز ، دکانیں اور پٹرول پمپس بند ہیں ۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے ۔ شہر میں علی الصبح کھلنے والے ہوٹل اور بیکریاں بھی بند رہیں ۔ ایم کیو ایم کی کال پر حیدر آباد ، نواب شاہ ، ٹنڈو آدم ، میرپور خاص سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں شٹر ڈاؤن ہے ۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے دوپہر ایک بجے کاروبار اور ٹرانسپورٹ بحال کرنے کی اپیل کی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے اپیل کی کہ سندھ کے عوام ، تاجر ، صنعت کار ، دکان دار اور ٹرانسپورٹرز آدھے دن کا احتجاج رجسٹر کرانے کے بعد کاروبار زندگی معمولی پر لے آئیں ۔