حیدرآباد پولیس کا مبینہ مقابلے میں 2 خطرناک ڈاکو ہلاک کرنے کا دعویٰ

ہفتہ 13 جون 2015 23:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) حیدرآباد پولیس نے مبینہ مقابلے میں 2 خطرناک ڈاکو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ذرائع کے مطابق دونوں ڈاکو پہلے سے پولیس حراست میں تھے۔پولیس نے لطیف آباد یونٹ نمبر 9 میں ایک گھر میں ڈکیتی کرکے فرار ہونے والے دو ڈاکوؤں کو پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پولیس کے مطابق ہفتے کو صبح 5مسلح ڈاکو لطیف آباد نمبر 9میں تنویر احمد نامی شخص کے گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بناکرلوٹ مار کرنے میں مصروف ہو گئے اطلاع ملنے پر اے اور بی سیکشن تھانوں کے ایس ایچ اوز نیک محمد اور مللک قمر زمان اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے پولیس کے پہنچنے پر ڈاکوؤں نے عقبی راستے سے فرار ہونے کی کوشش کی جبکہ پولیس نے ان کا تعاقب کیا اور بچاو بند لطیف آباد یونٹ نمبر 10کے قریب پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوااس دوران دو ڈاکو دیدار جلبانی سکنہ لاڑکانہ اور یعقوب قریشی سکنہ شکارپور مارے گئے جبکہ ان کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ اور ایک موٹرسائیکل سمیت لوٹی گئی نقد رقم ،طلائی چوڑیاں اور موبائل فون برآمد ہوا ہے، ڈاکو دیدار جلبانی کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر حکومت سندھ نے 5لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا، پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو قتل اقدام قتل، اغواء برائے تاوان ،گھر وں میں لوٹ ماراورپولیس مقابلوں سمیت سنگین نوعیت کی درجنوں وارداتوں میں سندھ کے کئی اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھے، ایس ایس پی حیدرآباد عرفان علی بلوچ نے مقابلے میں حصہ لینے والی پولیس پارٹی کے لئے 2لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پولیس کی طرف سے جن دو ڈاکوؤں کو مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے وہ گذشتہ روز سے پولیس حراست میں تھے اور پولیس نے انہیں جعلی مقابلے میں ہلاک کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :