پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات کی ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ کے عوام دوست بجٹ کے خلاف بلاجوازشٹر ڈاؤن ہڑتال کی سخت مذمت

ہفتہ 13 جون 2015 23:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات وقار مہدی نے ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ کے عوام دوست بجٹ کے خلاف بلاجوازشٹر ڈاؤن ہڑتال کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس ہڑتال کو کھسیانی بلی کھبا نوچے کے مترادف قرار دیا ہے اورکہا ہے کہ پورے ملک میں صرف واحد صوبہ سندھ ہے جس نے موجودہ حالات میں تاریخی اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، جبکہ وفاق سمیت پنجاب کے بجٹ میں عوام کی سہولیات کیلئے کوئی اعلان نہیں کیا گیا اور اس پر ایم کیو ایم نے کوئی احتجاج نہیں کیا جبکہ سندھ حکومت کے شاندار اور تاریخی بجٹ پر احتجاج بلا جواز اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے پوائنٹ اسکورننگ کرکے عوام میں اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہڑتالیں کسی صورت نہ شہر کراچی کے مفاد میں ہیں اور نہ ہی ملک کے مفاد میں ہیں۔ ہڑتالوں اور احتجاجوں کے باعث مزور طبقہ بے روزگارہوتا ہے اور معیشت کا پہیہ رک جاتا ہے، جس کا براہ راست نقصان صرف اور صرف ملک اور قوم کو ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو چاہیے کہ اسے بجٹ پر جوبھی اعتراضات ہیں انہیں اسمبلی کے فلور پر اٹھائے اور وہاں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے،جوکہ ایک روایتی جمہوری اور پارلیمانی طریقہ ہے۔