کراچی کے اکثر شہری ایک بڑے عرصے سے پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں،بشارت مرزا

پانی کی عدم فراہمی کا فائدہ ٹینکر مافیااٹھارہاہے جس نے پانی کے فی ٹینکر کے ریٹ آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں جو عام آدمی کے بس کی بات نہیں

ہفتہ 13 جون 2015 22:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزانے کراچی میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت سندھ فوری طورپر K4منصوبے پر عملدرآمد کرے اور پورے شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو بنائے۔ یہ بات انہوں نے بلدیہ ،اورنگی،سائٹ ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے شہریوں کی پریشانی کے پیش نظر K4منصوبے کا اعلان خوش آئندہے،اس منصوبے کے تحت کراچی کے تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی اور جن علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے وہاں کے مکینوں کو بھی پانی میسرآسکے گا۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے اکثر شہری ایک بڑے عرصے سے پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں،جس کے باعث انہیں شدیدمشکلات اور پریشانیوں کا سامناکرناپڑرہاہے، اس صورتحال کا فائدہ ٹینکر مافیااٹھارہاہے جس نے پانی کے فی ٹینکر کے ریٹ آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں جو عام آدمی کے بس کی بات نہیں ، ایک طرف مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑرکھی ہے دوسری طرف اضافی اخراجات نے عوام کی پریشانیوں اور دکھوں میں اضافہ کردیاہے،انتظامی ادارے عوام کی پریشانیوں اور مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے ان کے لئے آسانیاں فراہم کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمرکزی رہنماارشدمرزا، غلام صابر، علی بہادرخان، عبدالحمید مغل، ڈاکٹرایس ایم حسین، عبدالمجید قریشی، عبدالحکیم ،سلیم نیازی، ارتضیٰ بیگ ودیگر بھی موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :