اریگیشن سروس ڈلیوری میں بہتری لانے کیلئے کسان تنظیمو ں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر آبپاشی

ہفتہ 13 جون 2015 22:41

لاہور ۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ اریگیشن سروس ڈلیوری میں بہتری لانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کسان تنظیمو ں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے - انہوں نے مزید کہا کہ اس امر کی بدولت سانجھے نہری نظام میں نکھار پیدا ہوا ہے - یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز پیڈا کی قائم کردہ کسان تنظیموں کے ایک وفد سے اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہی- وفدکی قیادت لوئر باری دوآب کینال ایریا واٹر بورڈ کے چیئرمین سردار ٹیپو عثمان خان کر رہے تھے- اس موقع پر پیڈا کے متعلقہ فیلڈ افسران بھی موجود تھے- وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کسان تنظیمیں ہماری دیہی معاشرت میں انتہائی کلیدی کردار کی حامل ہیں جبکہ نظام آبپاشی کی بہتری کے لئے ان کو اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں - انہوں نے کہا کہ نہروں و راجباہوں کے انتظام کو بہتر کرنے کے لئے ان کسان تنظیموں کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے اورتکنیکی امور میں ان کی رہنمائی بھی کی جا رہی ہے - انہوں نے مزید بتایا کہ کسان تنظیمیں آبیانے کی وصولی، ٹیلوں تک پانی کی مساویانہ تقسیم اور راجباہوں کے انتظامی امور میں اپنا کردار انتہائی فعال انداز سے ادا کر رہی ہیں جبکہ تنظیموں کی مدد سے کسانوں کے نہری پانی سے متعلقہ باہمی تنازعات میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے - صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے کسان وفد کو یقین دلایا کہ پنجاب حکومت کسانوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے انقلابی اقدامات پر مبنی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور نظام آبپاشی کی تشکیل نو اس سلسلے کی ایک کڑی ہے -