`رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کر کے حکمران اللہ کے حضور عنداللہ ماجور ہوں‘ جماعت اہلحدیث`

ہفتہ 13 جون 2015 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) رمضان المبارک میں عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کر کے حکمران اللہ کے حضور عنداللہ ماجور ہوں۔ بابرکت لمحات میں مسلمانوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ اللہ کی رحمت کو زیادہ سے زیادہ سمیٹا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے رہنما مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا عبدالوہاب روپڑی و دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا ایک ایک لمحہ اللہ کی رحمت سے بھرا ہوا ہے۔ حکمران تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو آسانیاں فراہم کریں۔ مضبوط ترین سیکورٹی نظام کے قیام کے ساتھ ساتھ منافع خوروں کا بھی گھیراؤ کیا جائے۔ رمضان المبارک کو ”سیزن“ سمجھنے والوں کے خلاف کریک ڈراؤن عمل میں لا کر سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ غریب عوام کا خون پسینہ نچوڑنے والے تاجروں سے چھٹکارا حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ایک مرتبہ پھر ہم پہ سایہ فگن ہے جو کسی عظیم نعمت سے کم نہیں۔ مولانا شکیل الرحمن ناصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان بابرکت لمحات کو غنیمت جانتے ہوئے اللہ کو راضی کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں اور اجتماعی توبہ کا بھی اہتمام کیا جائے تاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ظلم و ستم کا شکار ہونے والے مسلمان اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کر سکیں۔ `