ہندوستان کی طرف سے کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو پوری قوم منہ توڑ جواب دے گی، طاہر محمود اشرفی

ہفتہ 13 جون 2015 21:53

لاہور ۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بھارت خطے کا امن تباہ کرنے سے باز رہے ، ہندوستان کی طرف سے کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو پوری قوم منہ توڑ جواب دے گی،نریندر مودی کے انتہاپسندانہ بیانات سے خطے میں دہشتگردی اور فرقہ واریت کو فروغ مل رہا ہے،روہنگیا اور برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کریں گے۔

یہ بات انہوں نے قطر روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور پاکستانی قوم نے ہمیشہ خطے میں امن ،بھائی چارے کے فروغ کیلئے کوششیں کی ہیں مگر بھارت نے ہمیشہ اپنی منافقانہ پالیسیوں کو اختیار کیا ہے،پاکستان بھارتی وزیر اعظم اور وزراء کے بیانات کیخلاف عالمی عدالت میں جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج ملکی سلامتی اور جغرافیائی حدود کی حفاظت کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، پاکستان خطے میں پائیدار قیام امن کا خواہاں ہے مگر بھارت کی طرف سے پاکستان کے دوستانہ تعلقات کی خواہش کا کبھی بھی مثبت جواب نہیں دیا ۔