Live Updates

` بجٹ میں عوام کورگڑاگیا ، بجلی مہنگی ، ڈیزل اور پٹرول پر ٹیکسوں میں اضافہ کردیا گیاہے، اسدعمر

وزیراعظم کی سیکورٹی اور کھانوں کیلئے کروڑوں کا اضافہ کیا گیا ،خیبرپختونخواہ کا لٹریسی ریٹ سب سے زیادہ ہوگیا ہے،پی ٹی آئی رہنما کا عوامی اجتماع سے خطاب لمبی ڈھیری کیلئے گرلز ہائی سکول کااعلان`

ہفتہ 13 جون 2015 21:25

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اسدعمر نے لمبی ڈھیری کیلئے گرلز ہائی سکول کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام کورگڑاگیا ہے بجلی مہنگی کی گئی، ڈیزل اور پٹرول پر ٹیکسوں میں اضافہ کیاگیا، وزیراعظم کی سیکورٹی اور کھانوں کیلئے کروڑوں روپے بڑھا دئیے گئے ہیں ،خیبرپختونخواہ کا لٹریسی ریٹ سب سے زیادہ ہوگیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے شام ایبٹ آباد میں نومنتخب ممبر تحصیل کونسلر یوسی شیخ البانڈی ملک سعید کی رہائشگاہ پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق احمد غنی، صوبائی خوراک قلندر خان لودھی، ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون، معروف گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی،علی خان جدون بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے اپنامشہورگانا”بنے گانیاپاکستان“بھی پیش کیا۔ جسے مقامی لوگوں نے بے حد سراہا۔پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اسد عمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے ذریعے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ ہم نے کیا تھا۔ پی ٹی آئی کی سیاست کا مقصد عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔ 6006لوگوں ں سے شروع کی جانیوالی تحریک انصاف کے کارکنوں کی تعداد 77لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

پی ٹی آئی نے خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کروادیئے ہیں۔ چھ چھ بار باریاں لینے والے اپنے صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ یہ لوگ اپنی گدی بیٹے یا بھتیجے کو دے دیتے ہیں۔ کراچی میں ایک مخصوص جماعت سالانہ 230ارب روپے لوٹ رہی ہے۔ اور روزانہ لاشیں گرتی تھیں۔ سب سے زیادہ دہشت گردی خیبرپختونخواہ میں ہوئی ہے۔

پولیس کے غیرجانبدار ہونے سے تشدد کے واقعات میں ساٹھ فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اب کوئی بھی ایم این اے یا ایم پی اے ایس ایچ او کو تعینات نہیں کرواتا۔ خیبرپختونخواہ کی حکومت نے دوسالوں کے اندر تعلیم کا بجٹ دوگنا کیا ہے۔ خیبرپختونخواہ میں سکول جانیوالے بچوں کی تعداد ایک سو فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ وفاقی حکومت اور اس کے پیش کردہ بجٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عوام کو رگڑاگیاہے۔

بجلی مہنگی کی گئی۔ جبکہ ڈیزل اور پٹرول پر ٹیکسوں کی مد میں 34فیصد اضافہ کیاگیا۔ وزیراعظم کے معاون کیلئے دوکروڑ دس لاکھ روپے کی دو نئی گاڑیاں خریدی گئیں۔ وزیراعظم کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کیلئے دو کروڑ دس لاکھ روپے کا اضافہ بجٹ میں کیاگیا۔ امیر قطر کی جانب سے دیاجانیوالا جہاز خراب کردیاگیا ہے۔ جبکہ اس کی جگہ وزیراعظم کے زیر استعمال جہاز کی مرمتی کیلئے تیرہ کروڑ چالیس لاکھ روپے بجٹ میں رکھے گئے ہیں۔

وزیر اعظم کی سیکورٹی کیلئے بجٹ میں چوبیس کروڑ روپے کا اضافہ کیاگیا ہے۔ غریب کا بچہ سکول سے باہر ہے۔ جبکہ وزیر اعظم کی شاہ خرچیاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ اس ملک میں کسی کو انصاف نہیں ملتا۔ یہاں پر حق چھین کرلینا پڑتاہے۔ اس ظالم نظام کیخلاف کپتان کھڑا ہوگیاہے۔ اسد عمر نے کہا کہ میں نے ایک روپے ماہانہ کی فیس والے سکول میں تعلیم حاصل کی۔ عمران خان کے کہنے پر میں نے سترلاکھ روپے ماہانہ کی تنخواہ کوچھوڑ کر پی ٹی آئی میں عوام کی خدمت کیلئے شمولیت اختیار کی۔ دھرنے کے دوران میرے خلاف بارہ ایف آئی آر درج کی گئیں۔ لیکن میں نہ کسی سے ڈرا ہوں۔ ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ اسد عمر نے ایبٹ آباد کے علاقے لمبی ڈھیری کیلئے گرلز ہائی سکول کے قیام کا بھی اعلان کیا`

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات