` رائس ملز مالکان کا مسائل کے حل کیلئے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

کاشتکاروں سے چاول کی خریداری بند ،ملوں کو تالہ لگنے سے لاکھوں افراد بے روزگار اور بینکوں کے اربو ں ڈوبنے کا خدشہ `

ہفتہ 13 جون 2015 21:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)ملک بھر کے رائس ملز مالکان نے اپنے مسائل کے حل نہ ہونے پر ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا،کاشتکاروں سے چاول کی خریداری بند کردی گئی ہے جبکہ ملوں کو تالہ لگنے سے لاکھوں افراد بے روزگار اور بینکوں کے اربوں روپے ڈوبنے کا خدشہ ہے،پندرہ جون کو غلہ منڈی کامونکے میں تین ہزار مالکان کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیاگیا ہے جس میں پارلیمنٹ کے سامنے دھرنے سمیت تمام معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی،ان خیالات کا اظہار پاکستان رائس ملز ایسوسی ایشن کے صدر مختار احمد خان نے سے گفتگو کے دوران کیا،سالانہ دو سو ارب سے زائد کا زرمبادلہ کمانے والا چاول کا شعبہ شدید بحران کا شکار ہے،مگر ارباب اختیار اسے بیل آؤٹ کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہے،ٹیکسائل کے بعد سب سے زیادہ برآمد کرنے والے شعبہ سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے جسے توجہ نہیں دی جارہی